تجاوزات اور دیواریں گندی کرنے والوں کیخلاف آپریشن ،5ٹیمیں تشکیل

تجاوزات اور دیواریں گندی کرنے والوں کیخلاف آپریشن ،5ٹیمیں تشکیل

 لاہور(جنرل رپورٹر)مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا ہے کہ لاہور شہر کی اہم شاہراہوں سمیت دیگر اہم مقامات اور سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنانا ایم سی ایل کی اولین ترجیح ہے۔ تجاوزات کے خاتمہ سے ٹریفک جام کے مسائل حل ہوں گے جس کے لئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے ماڈل روڈز پر سے تجاوزات، وال چاکنگ، غیرقانونی پارکنگ اور ٹریفک جام جیسے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس، ایل ڈی اے، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے افسران کے علاقہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل روڈز قرار دئیے جانے والے فیروز پور روڈ، جیل روڈ، علامہ اقبال روڈ، پیکو روڈ، شوکت خانم روڈ ، مین بلیوارڈ روڈ اور مال روڈ پر غیر قانونی پارکنگ ، تجاوزات، وال چاکنگ، پو سٹرز کے خاتمہ کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے لئے لاہور پارکنگ کمپنی، ایم سی ایل، ٹریفک پولیس اور ٹیپا ملکر کام کریں گے۔انہوں نے لاہور پارکنگ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ ان روڈز پر موجود سکولز اور کالجز میں چھٹی اور صبح کے اوقات پر ٹریفک جام کے حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کرے۔ اسی طرح بڑی اور چھوٹی کلاسز میں چھٹی کے اوقات مختلف کرنے کے لئے محکمہ ایجوکیشن کام کرے اور اپنی رپورٹ مئیر لاہور کو ہفتہ تک پیش کرے۔ ایم سی ایل کے افسران ٹاؤنز کے ساتھ ملکر ان روڈز پر موجود بلڈنگز اور دیگر پلازوں کا پارکنگ کے حوالے سے سروے کریں اور ایل ڈی اے نقشہ جات کی منظوری دیتے وقت لاہور پارکنگ کمپنی سے بھی رپورٹ لیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بلڈنگ کی تعمیر کے وقت منظور شدہ نقشہ پر مکمل عمل در آمد ہو ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان روڈز پر کھڑے ٹریفک وارڈنز کو مزید فعال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، ٹاؤنز،ایم سی ایل ، لاہور پارکنگ کی ٹیمیں آج سے ہی کام شروع کر دیں اور ہفتہ کے روز ان کی کارکر دگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہو گا۔انہوں نے دیگر افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اپنے علاقوں میں تجاوزات، وال چاکنگ، پارکنگ اور ٹریفک جام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر کام کریں اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ علاوہ ازیں مئیر لاہور نے ماڈل روڈز پر مشترکہ آپریشن کر نے کے لئے 5ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ہر ٹیم 5افسران پر مشتمل ہے جن میں ایم سی ایل،پولیس، لاہور پارکنگ کمپنی، ایل ڈی اے اور ٹاؤن کے افسران شامل ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1