اورنج ٹرین 7کلو میٹر ٹریک اور 5سٹیشن مکمل ، پٹری بچھانے کا کام جلد شروع ہوگا

اورنج ٹرین 7کلو میٹر ٹریک اور 5سٹیشن مکمل ، پٹری بچھانے کا کام جلد شروع ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے خبر نگار سے) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق تمام متعلقہ محکمے اورنج لائن منصوبے کو بین الاقوامی معیارکے مطابق مکمل کرنے کے لئے پوری محنت اور جانفشانی سے کام کریں تاکہ یہ شہریوں کو آمد و رفت کی جدید ترین سہولت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاک چین تعلقات کی عملی مثال بن کر سامنے آسکے۔ میٹرو ٹرین کا سات کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک اور پانچ مقامات ڈیرہ گجراں ‘اسلام پارک‘سلامت پورہ ‘محمود بوٹی اور پاکستان منٹ پر سٹیشنوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جنہیں پٹری بچھانے اور دیگر الیکٹریکل و مکینکل ورکس کے لئے سی آر نورنکو کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ لیک روڈ پر چوبرجی کے قریب منصوبے سے متاثرہ جامعہ محمدیہ کو متبادل اراضی مہیا کر کے جلد ہی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے ۔رنگ روڈ پر زیر تعمیر میٹرو ٹریک کے پل کی تعمیر کا 80فیصد جبکہ ریلوے لائن پرزیر تعمیر پل کا نصف کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ جین مندر کے قریب زیر زمین تعمیر کئے جانے والے انار کلی سٹیشن کا 75فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو میں تمام 13بالائے زمین سٹیشنوں کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 63فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کاسب سے زیادہ79.87 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا48.0فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 70.23فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا53فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ میکلوڈ روڈ پر نصب شدہ ٹیوب ویل کو متبادل جگہ منتقل کرنے کے لئے پٹیالہ گراؤنڈ میں جگہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور بہت جلد اس پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔ لیسکو کو چاہ میراں میں گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے لئے درکار اراضی مہیا کی جارہی ہے۔ خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ واسا‘پی ٹی سی ایل اور یوٹیلیٹی سروسز سے متعلقہ دیگر محکمے اپنے اپنے مین ہولز پر کورز کی موجودگی یقینی بنا نے کے لئے ان کا مسلسل عمل کے طورپر سروے کریں اور فیلڈ سٹاف سے باقاعدگی سے رپورٹیں حاصل کریں ۔ منصوبے پر عمل در آمد کے دوران سیفٹی اور سیکورٹی کے لئے طے شدہ طریقہ کار اور تدابیر پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے‘ شہریوں کی سہو لت اور سیفٹی کو اولین ترجیح دی جائے اور منصوبے کے تکمیل شدہ حصوں سے فوری طور پر ملبہ ہٹانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تا کہ آمدورفت میں حائل مشکلات دور کی جاسکیں ‘ متعلقہ علاقوں میں صفائی کا معیار مزید بہتر کیا جائے اور برقی تنصیبات کی منتقلی کی خاطر کم سے کم وقت کے لئے بجلی کا شٹ ڈاؤن کیا جائے ۔سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر منصوبے پر کام کے لئے رکھے جانے والے نئے مزدورں اور کارکنوں کی سکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے اور اس سال 25دسمبر کو اورنج لائن میٹرو ٹرین کا آپریشن شروع کرنے کے لئے تمام ممکن ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ اجلاس میں ایم این اے وحید عالم‘ ایم پی اے چودھری شہباز ‘میئر لاہور مبشر جاوید ‘ انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فضل احمد خالد‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔