چو لستان میں کالا ہرن اور چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016-17اختتام پذیر

چو لستان میں کالا ہرن اور چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016-17اختتام پذیر

لاہور( لیڈی رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ لال سہانرابہاولپور چو لستان میں کالا ہرن اور چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016-17اختتام پذیرہوگیا ہے ۔ اکتوبر 2016 میں شروع کئے جانے والے اس پروگرام کے تحت کالے ہرن کی 24 او ر چنکارہ ہرن کی 29 کامیاب ٹرافی ہنٹنگ کروائی گئی اور شکاریوں سے فی کالے ہرن کے شکار کے 2لاکھ روپے جبکہ چنکارہ کے شکار کے 75ہزار روپے وصول کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرافی ہنٹنگ پروگرام میں ہمالین آئی بیکس کے شکار کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستانی شکاری ہشام اسامہ خان ، ساوتھ افریقہ سے پرائیویٹ گیم ریزرو کے مالک جیکس سپیمر ، فرانس کے میتھیو مائیکل، پاکستانی نژاد امریکی شہری سید افتخار شاہ اور عمران سعید سمیت ملکی و غیر ملکی شکاریوں نے ٹرافی ہنٹنگ میں حصہ لیا۔ انہوں نے یہ بات کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016-17 کی31مارچ 2017کو مقررہ مدت ختم ہونے کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016-17کے دوران 43 ملکی و غیر ملکی شکاری 24کالے ہرن اور29 چنکارہ ہرن کی ٹرافی ہنٹنگ سے لطف اندوز ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ کالا ہرن کی ٹرافی میں لاہور کے ہشام اسامہ خان 36.5 انچ کی ٹرافی ہنٹ کرنے پر پہلے نمبرپررہے جبکہ چنکارہ ٹرافی ہنٹنگ میں ملتان کے نوازش علی خان بوسن اور ہشام اسامہ خان 13.7انچ کی ٹرافی ہنٹ کرنے پر ان کے درمیان ٹائی رہی ۔انہوں نے کہا کہ قانونی شکاریوں کو شکار کے مواقع فراہم کرنے کا بنیادی مقصد ملک میں سپورٹس ہنٹنگ کو فروغ دینا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1