تمام آرپی اوز مردم شماری ٹیموں کا سکیورٹی پلان خود ترتیب دیں ؛مشتاق احمد سکھیرا

تمام آرپی اوز مردم شماری ٹیموں کا سکیورٹی پلان خود ترتیب دیں ؛مشتاق احمد ...

 لاہور(کرا ئم رپورٹر)جنگی صورتحال میں پہلے سے کہیں زیادہ چوکنا ہو کر جذبہ جہاد سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ اقلیتی عبادت گاہوں، سکولوں، کالجوں بالخصوص مخلوط نظام تعلیم کے حامل سکولوں ، کالجز اوراہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان مقامات پر وینٹیج پوائنٹ ایسی جگہ بنا ہو جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں حملہ آور کی پہنچ سے دور ہو جس میں مسلح سنتری موجود ہو جو کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی صورت میں دشمنوں کا با آسانی مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن اضلاع میں مردم شماری کا کام جاری ہے وہاں مردم شماری ٹیموں کی سکیورٹی کو از سر نو ترتیب دیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز سیکیورٹی کے لئے مقامی پولیس کے علاوہ سفیدلباس میں بھی ایسے پولیس اہلکار مامور کریں جو ٹیموں سے ذرا فاصلے پر رہتے ہوئے سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں اور ارد گرد پر خاص نظر رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آر پی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، شعیب دستگیر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، محسن حسن بٹ، ڈی آئی جی ڈویلپمنٹ ، کامران خان، اے آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈاکٹر محمد اختر عباس اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی ، بابر سرفراز الپا نے شرکت کی۔ انہوں نے تمام آر پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ درج بالا مقامات اور مردم شماری کی ٹیموں کی سیکیورٹی پلان کو خود چیک کریں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی مؤثر مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ ان کو ڈیوٹی کے حوالے سے بریفنگ کا عمل بھی جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ جنگی صورتحال میں پہلے سے کہیں زیادہ چوکنا ہو کر جذبہ جہاد سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔

مزید : علاقائی