کروڑوں کے فراڈ میں ملو ث ملزم کا 14روزہ ریمانڈ، نیب کے حوالے
لاہور(نامہ نگار )احتساب عدالت کے جج امتیاز حسین نے 150سے زائد افراد سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے مبینہ ملزم محمد شفیق کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیاہے۔نیب حکام نے ہالی موٹرز سکینڈل کیس کے مرکزی ملزم محمد شفیق ہالی کو 4اپریل کو گرفتار کیا تھاجسے گزشتہ روزعدالت میں پیش کرتے ہوئے 14روز ہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے اسے 19اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ملزم کے خلاف شہریوں کو گاڑیاں دلوانے کے نام پر ایڈوانس رقم جمع کروانے کے عوض خطیر رقم لوٹنے کا الزام ہے ، 3کروڑ50لاکھ روپے سے محروم ہونے والے 150سے زائد شہریوں نے جولائی 2016ء میں نیب لاہور سے رجوع کیا تھا، شفیق ہالی کا شریک ملزم کیشیئرمحمد اعظم اکتوبر 2016ء سے گرفتارہے جبکہ نیب کی جانب سے ملزم کے پارٹنر نعیم عرفان کو بھی گرفتارکیاجاچکاہے،ہالی موٹرز کے مرکزی ملزم شفیق ہالی نے جو لائی 2015 میں مین بلیورڈ, فیصل ٹاؤن لاہور میں واقع اپنے دفتر میں لوگوں کو 2 سے 3 لاکھ ایڈوانس رقم پرگاڑی دینے کا لالچ دینا شروع کیا، ملزم نے پبلسٹی کے ذریعے شہریوں کو 2سے 3لاکھ ایڈوانس داخل کروانے اور 15سے 20دن میں صرف 12ہزار روپے ماہانہ کی اقساط پر گاڑی دینے کا جھانسہ دیا اور شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگا کر شفیق ہالی جون 2016ء سے فرارتھا۔
نیب کے حوالے