دہشتگرد بزدلانہ حملوں سے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے ، سیاسی مذہبی و سماجی رہنماء

دہشتگرد بزدلانہ حملوں سے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے ، سیاسی ...

 لاہور (جنرل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) ملک کی سیاسی مذہبی و سماجی تنظیموں کی طرف سے لاہور بیدیاں روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دہشت گرد اپنے بز دلانہ حملوں سے پاک فوج اور قوم کا عزم متزلزل اور ان کی صفوں میں دراڑیں نہیں ڈال سکیں گے نہ ہی وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہوں گے‘ جب تک دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور ان کے سیاسی سرپرستوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا تب تک ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے ،حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں،عوام اور دہشتگردی سے متاثرہ لوگ پریشان ہیں کہ آخر کونسی طاقت ان دہشتگردوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سیاسی و مذہبی رہنماؤں پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور احمد وٹو ‘ دفاع پاکستان کونسل و جماعتہ الدعوۃ کے مرکزی رہنماء پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی ‘ پی ٹی آئی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری ‘ جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی ‘ کے علاوہ چودھری اظہر حسین ‘ اعجاز چودھری‘ غلام محی الدین دیوان ‘ شبیر سیال‘ ثوبیہ کمال ‘ اور اشتیاق احمد نے ’’ پاکستان‘‘ سے اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ‘ انہوں نے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ۔اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کا کہنا تھا کہ لاہور میں مردم شماری کی ٹیم پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اس المناک واقعہ پر پوری قوم سوگوار ہے تمام سیاسی جماعتیں بشمول پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے پُرعزم ہے ایسی کاروائیوں سے دہشت گرد ہمارے حوصلے اور عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے فوجیوں اور شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ان کے درجات بلند کرے، زخمیوں کو صحتِ کاملہ و عاجلہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔دفاع پاکستان کونسل و جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعہ انتشار و افتراق کی فضا پیدا کرنے کی کوششیں کر رہی ہے مردم شماری ٹیم پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے افواج پاکستان کے شہداء کو پوری پاکستانی قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سیدصمصام علی بخاری نے کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ملک دشمن قوتوں کے قلع قمع سے ہی ملکی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ان کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی دہشتگردوں کی اس مذموم کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

مذمت

مزید : علاقائی