امریکا کا ایرانی فٹ بالر کو ویزہ دینے سے انکار

امریکا کا ایرانی فٹ بالر کو ویزہ دینے سے انکار

ایمسٹرڈیم (آن لائن)ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں قائم امریکی سفارت خانے نے ایرانی فٹ بالر رضا قوجانی نڑاد کو امریکا کا ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سفارت خانے کی طرف سے یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس صدارتی فرمان پر عمل درآمد کا نتیجہ ہے جس میں انہوں نے 27 جنوری 2017ء4 کو ایران سمیت سات مسلمان ممالک کے باشندوں کے امریکا داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔ایرانی فٹ بالر قوجانی نڑاد نے ہالینڈ میں ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکام نے انہیں ایک مشہور کھلاڑی ہونے کے باوجود ویزہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ایرانی فٹ بالر کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کے پاس ایران اور امریکا کی دوہری شہریت ہے۔ میں اس کے ہمراہ امریکا کے سفر کا خواہاں تھا مگر امریکی انتظامیہ نے ویزے کے لیے میری درخواست یہ کہہ کر مسترد کردی کہ میں ایک ایرانی باشندہ ہوں۔خیال رہے کہ فروری کے اوائل میں ایران نے امریکی سفری پابندیوں کے جواب میں امریکی ریسلرز کو ایرانی ویزہ دینے سے انکار کردیا تھا، امریکی ریسلرز مغربی شہر کرمان شاہ میں منعقدہ ریسلنگ کے عالمی مقابلے میں حصہ لینا چاہتے تھے۔

مزید : عالمی منظر