بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم، درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے

بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم، درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی و صوبائی دارالحکومت سمیت بیشتر شہروں میں ہونے والی بارش نے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام درہم برہم کر دیا ۔لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ دوسری جانب موسم میں تبدیلی کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہو گئی جس کے باعث شارٹ فال کم ہو کر چار ہزار میگاواٹ تک آ گیا ۔ شارٹ فال میں کمی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید ایک گھنٹہ کی کمی کر دی گئی ۔ بارش اور ژالہ باری کے باعث درجنوں ٹرانسفارمرز بھی جل گئے ۔ تاہم بارش رکنے کے بعد فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کیا گیا جن علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا وہاں بحالی کا کام تاخیر کا شکار رہا ۔ صوبائی دارالحکومت میں رات کے وقت ہونے والی بارش سے لیسکو کے 48 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ فیڈرز کی بحالی کا کام بارش رکنے کے بعد شروع کر دیا گیا جو رات گئے تک جاری رہا ۔ گزشتہ روز شہروں میں اٹھ سے دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔

مزید : صفحہ آخر