افسران کا اولین فرض عوام کی خدمت اور فوری انصاف مہیا کرنا ہوگا، لوگوں سے رابطے کو آسان بنائیں: رفیق رجوانہ

افسران کا اولین فرض عوام کی خدمت اور فوری انصاف مہیا کرنا ہوگا، لوگوں سے ...

لاہور ( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہم جن عہدوں ، منصبوں اور اعلیٰ اختیاری کرسیوں پر براجمان ہیں اس کا اولین فرض عوام کی خدمت اور فوری انصاف مہیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران عوام کے ساتھ رابطے کو آسان اور یقینی بنائیں تاکہ عام آدمی کو اپنے مسائل کے حل کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سروسز اکیڈمی کے 44ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں ڈی جی سول سروسز اکیڈمی معروف افضل، فیکلٹی ممبران اور تربیتی افسران کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے تربیت مکمل کرنے والے افسران پر زور دیاکہ آپ کے ہر عمل کے پیچھے جذبۂ خدمت محرک ہونا چاہئے اور آپ کے دروازے عوام الناس کے لیے کھلے ہونے چاہئیں ، آپ کو پاکستان کے عوام کی خدمت کے لیے مقرر کیا ہے اور عوام کے مسائل کے تدارک کی خاطر سب سے پہلے آپ کو آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کے بطور فلاحی ریاست ابھرنے کے پیچھے سول سروسز کا بنیادی کردار ہے ۔گورنر نے کہا کہ آپ کے اندر عوام کے لئے احساس کا جذبہ موجود ہونا چاہئے ،آپ کو جدید اسلوب اور تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہئے تاکہ آپ کے پاس بنیادی مہارت اور بہترین فیصلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سول افسران قائداعظمؒ کے ارشادات کی روشنی میں صرف اور صرف میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھیں اور کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت اس بات کا تعین کر لیں کہ اس کے اثرات آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اسی جذبہ کے ذریعے ہمیں ہر قدم وطن عزیز کی بہتری اور خوشحالی کے لیے اُٹھانا ہو گا۔گورنر نے 44ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں خواتین کی کثیر تعداد میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ امر قوم کے لئے اطمینان کا باعث ہے ، پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کام کررہی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔قبل ازیں گورنر رفیق رجوانہ نے مقامی ہوٹل میں آل پاکستان بزنس فورم کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی سے ڈرنے والے نہیں ، ملک سے انتہاپسندی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور ردالفسار جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ گورنرنے کہا کہ تاجر اور صنعت کار ہمارے ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں جن کی بدولت ملک میں معاشی سرگرمیاں مسلسل تیز ہورہی ہیں،ٹیکس اور دیگر شعبوں میں درپیش مسائل کے ازالے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ بجلی کے بحران پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکال لیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ملک کی خدمت کی غرض سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں کیونکہ معاشی استحکام کا ہدف ان کے تعاون کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا۔ تقریب سے آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی، ملک کے نامور صنعت کاروں اور ماہرین اقتصادیات نے بھی خطاب کیا اور معاشی پالیسیوں کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو شامل کرنے پر زور دیا۔بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ایوب سٹیڈیم میں بیدیاں روڈ پر خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور ، آئی جی پولیس ، اعلیٰ حکام اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر