سپریم کورٹ کا اینٹی کرپشن پنجاب میں بھرتیوں کا عمل منسوخ کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا اینٹی کرپشن پنجاب میں بھرتیوں کا عمل منسوخ کرنے کا حکم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں ڈپٹی ڈائریکٹرز کی تعیناتی میں امتیازی سلوک کا مظاہرہ، خواتین کو زیرغور نہ لانے پر سپریم کورٹ نے بھرتیوں کے عمل کو منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ۔محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں غلط بھرتیوں کے معاملے کی سماعت کے موقع پر جسٹس شیخ عظمت سعیدنے ریمارکس دیئے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بھرتیوں کے عمل میں سنگین غلطی کی، خواتین کو زیرغور نہ لانا بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا پنجاب میں خواتین کو نوکری نہ دینے کا قانون ہے؟ عدالت نے حکم دیا کہ بھرتیوں کے عمل کو سکریپ کرکے دوبارہ اشتہار دیا جائے۔اینٹی کرپشن پنجاب کے وکیل نے بھرتیوں میں غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے استدعا کی کہ اسے اپنے مؤکل سے ہدایت لینے کیلئے وقت دیا جائے، عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی۔

مزید : صفحہ آخر