شہداء کی عظیم قربانی کورا ئیگا ں نہیں جانے دینگے ، لہو کی ایک ایک بوند کا قرض اتاریں گے :شہباز شریف

شہداء کی عظیم قربانی کورا ئیگا ں نہیں جانے دینگے ، لہو کی ایک ایک بوند کا قرض ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہور میں پاک فوج کے جوانوں اور دوسرے سرکاری اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ شکست اور ہزیمت سے دوچار دشمن کی بزدلانہ کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعلیٰ نے آج یہاں اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوامی خدمت کا فریضہ ادا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں اور میں انہیں سیلوٹ کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری فرائض کی ادائیگی میں مصروف معصوم اور پرامن افراد کی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گرد اور ان کے سرپرست دنیا کی بدترین سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے قیمتی خون کی ایک ایک بوند کا قرض اتاریں گے۔ قائد اعظم کے پاکستان میں آگ اور خون کے کھیل کو بند کرنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستانی قوم کا مقدر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے اور ہم یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انشاء اللہ ہم نہ صرف اس طرح کی گذشتہ مذموم کارروائیوں کی طرح اس واقعہ کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے میں کامیاب ہوں گے بلکہ انہیں ان کے عبرتناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ محمدشہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دریں اثناء بیدیاں روڈ دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ایوب سٹیڈیم لاہور کینٹ میں ادا کی گئی۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ،کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ، صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،اعلی سول وفوجی افسران اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے شہداء کی میتوں پر پھول چڑھائے اور شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔بعد ازاں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پی اے ایف ایئربیس میں بیدیاں روڈ پر شہید ہونے والے پاکستان ایئر فورس کے اہلکار اویس کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ، چیف سیکرٹری ، اعلی سول و عسکری حکام بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔وزیر اعلی نے ایئر فورس کے شہید اہلکار اویس کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔دوسری طرف شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب۔دہشت گرد صرف دہشت گردہے اورجن کی کوئی جغرافیائی شناخت نہیں ۔ وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی اسمبلی معین وٹو،اظہر قیوم ناہرہ،رکن پنجاب اسمبلی مہر فیاض،چےئرمین ضلع کونسل گوجرانوالہ مظہر قیوم ناہرہ اورسابق رکن قومی اسمبلی مدثر قیوم ناہرہ شامل تھے ، صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ازبکستان کے سفیرفرقت صادقوف ے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان ازبکستان کے درمیان تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ازبکستان کے سفیر نے لاہور میں دھماکے کی مذمت کی اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔ازبکستان کے سفیرنے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ازبکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی و انتہاء پسندی ایک عالمی مسئلہ ہے اوراس ناسور سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، کاٹن اوردیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور میں بھی ازبکستان کا دورہ کروں گا۔صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ملک ندیم کامران ،چےئرمین پی اینڈ ڈی اورسی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

ملاقات

مزید : صفحہ اول