3موٹرسائیکل،ایک چنگ چی رکشہ دوویگنیں تباہ ، سکیورٹی ہائی الرٹ

3موٹرسائیکل،ایک چنگ چی رکشہ دوویگنیں تباہ ، سکیورٹی ہائی الرٹ

لا ہو ر (کرا ئم رپورٹر/ خبر نگار)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ بیدیاں روڈ کے مانوالہ چوک میں ہونے والے دھماکے میں 3موٹر سائیکلیں،ایک چنگ چی رکشہ اور دوویگنیں تباہ ہوئیں ۔ حملے کے فوری بعد پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ۔ محکمہ صحت کی طرف سے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان کو ایمر جنسی کے حوالے سے فوری آگاہ کیا گیا ۔ ایمر جنسی میں استعمال ہونے والی ادویات کاوافر مقددار میں انتظام کر لیا گیا ۔حملے کے بعد جیو فینسنگ وہیکل جائے وقوعہ پر پہنچائی گئی جس کے ذریعے تمام موبائل کا ریکارڈ حاصل کر کے تفتیش کی جا ئے گی۔ دہشتگردی کے واقعہ کے بعد سکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ، مردم شماری عملے کی پولیس کی ذریعے سکیورٹی بڑھا دی گئی ۔ اہم سرکاری و نجی عمارتوں خصوصاً حساس تنصیبات پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارتوں میں آنے والوں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا گیا ۔پولیس افسروں کی طرف سے بس سٹینڈ ز ، ریلوے اسٹیشن اور دیگر رش والے مقامات کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا گیا اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے گئے جبکہ پولیس کی پیٹرولنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ۔اہم داخلی اور خارجی راستوں پر ناکوں کی تعداد بڑھا کر گاڑیوں کی جامہ تلاشی لی گئی۔ پولیس اہلکار شاہراہوں کے علاوہ رہائشی علاقوں کے اندر جا کر بھی پیٹرولنگ کر رہے ہیں۔پولیس سمیت دیگر حساس اداروں نے دھماکے کی جگہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔

مزید : صفحہ اول