خیبر پختونخوا میں فرسودہ نظام تعلیم تبدیل کردیا ، عمران خان ،3ہزار سکولوں میں واش رومز نہیں :مریم اورنگزیب

خیبر پختونخوا میں فرسودہ نظام تعلیم تبدیل کردیا ، عمران خان ،3ہزار سکولوں ...

 اسلام آباد (آئی این پی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سڑکیں،موٹرویز اور پل بنانے سے نہیں بلکہ تعلیم سے ملک اور قومیں ترقی کرتی ہیں مرکز میں برسراقتدار آئے تو کرپشن کے پیسے واپس لے کر تعلیم میں سرمایہ کاری کریں گے۔وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صوبہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات بارے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے وزیراعلیٰ پرویزخٹک،وزیرتعلیم کے پی عاطف خان،صوبائی سیکرٹری تعلیم شیراز بنگش اور غیرملکی سفارتی نمائندوں سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔عمران خان نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات کے ذریعے فرسودہ نظام تعلیم کو ترقی اور جدت کے راستے پر ڈال دیا ہے،اساتذہ کی بھرتیوں میں سفارش اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے40ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا تعلیمی بجٹ 139ارب روپے تک پہنچا دیا جبکہ انگلش میڈیم،اردو میڈیم اور دینی تعلیمی اداروں کا یکساں نصاب ہونا چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ پرویزخٹک تعلیمی اصلاحات پر مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے دباؤ برداشت کرتے ہوئے تعلیمی بجٹ 139ارب تک پہنچایا،انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ نصاب کی تشکیل کیلئے ماہرین تعلیم کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا،تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،چین نے نچلے طبقے کو اوپر لا کر اور 50کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال کر ترقی کی،پاکستان میں امیر زیادہ امیر اور غریب زیادہ غریب ہوتا جارہا ہے۔

عمران خان

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے 3ہزار سے زائد سکولوں میں واش رومز ہی موجود نہیں ہیں ،خان صاحب تعلیمی ترقی کے دعوے کیسے کر رہے ہیں؟ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ پورے ملک کا ٹھیکہ چھوڑدیں اورخیبر پختونخوا کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ان پر خرچ کرنا شروع کردیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے 25لاکھ سے زائد سکولوں سے باہر بچے خان صاحب کی راہ دیکھ رہے ہیں،عوام کو بتائیں کہ سکولوں کی بہتری کیلئے کیا کیا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سے صوبے کی تعلیمی اصلاحات میں بہتری نہیں لائی جاتی اور مدد کی ضرورت ہے تو وزیراعلی پنجاب اور مریم نواز سے رابطہ کرلیں۔انہوں نے کہا کہ عمران وفاق میں حکومت بنانے کے خواب نہ دیکھیں ، جو وقت بچا ہے خیبر پختونخوا کے لوگوں کی خدمت کریں ،وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت عظمی کی کرسی کی ہوس نے عمران خان کو ذہنی مریض بنا دیا ، وفاق تو کیا 2018 کے انتخابات میں وفاق تو کیاخیبر پختونخوا کے لوگ بھی عمران خان کو نااہلی ، انتشاری اور فسادی سیاست کی وجہ سے مسترد کردینگے، وزیر مملکت نے کہا کہ عمران صاحب جس صوبے میں آپ کی حکومت ہے وہاں کے احتساب کمیشن کے تالے کھولیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 25لاکھ سے زائد سکولوں سے باہر بچے آپ کی راہ دیکھ رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ خان صاحب جس صوبے میں آپ کی حکومت ہے وہاں کے احتساب کمیشن کے تالے کھولیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سکولوں کے بچے آپ کی توجہ کے منتظر ہیں اور شکر ہے پونے 4سال بعد تعلیم آپ کی تر جیح بنی لیکن اب اس ترجیح کو کارکردگی میں بدلیں۔

مزید : صفحہ اول