لاہور دھماکہ قومی سانحہ ہے ، دہشت گرد بزدلا نہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، صدر مملکت ،وزیراعظم

لاہور دھماکہ قومی سانحہ ہے ، دہشت گرد بزدلا نہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست ...

اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم نوازشریف،سپیکر ایاز صادق،وزیر داخلہ چوہدری نثار ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،سابق صدر آصف علی زرداری،بلاول بھٹو ،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان،جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں نے لاہور میں ہونے والے افسوسناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں،دہشتگرد بزدلانہ کارروائیاں کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ،پاک فوج کے جوان قومی فریضہ انجام دینے کے دوران شہید ہوئے جس پروہ خراج تحسین وعقیدت کے مستحق ہیں۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل کی دعائیں کیں جبکہ صوبائی حکومت کو زخمیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام منصوبے بروقت تکمیل تک پہنچائے جائیں گے،عوام کے جان ومال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ قومی فرض کی ادائیگی میں جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں اور قومی ہیروز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردی قومی ناسور ہے جس کے خاتمے کیلئے انتہائی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سدباب کیا جاسکے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشتگرد قومی مجرم ہیں وہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے عزم کو پست نہیں کرسکتے بلکہ ایسے حملوں سے ہمارے حوصلے مزید بڑھیں گے اور انشاء اللہ دہشتگردوں کو انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔چےئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور دھماکہ قومی سانحہ ہے،دہشتگردی کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے جس کیلئے مناسب اقدامات ہونے چاہئیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان،جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا،شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں بھی کیں۔

صدر ،وزیراعظم

مزید : صفحہ اول