یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں سپورٹس گالا کا آغاز

یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں سپورٹس گالا کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ایجوکیشن رپورٹر ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام گزشتہ روز ٹاؤن شپ کیمپس میں سپورٹس گالا کا آغاز ہو گیا۔ 3 روز تک جاری رہنے والے اس سپورٹس گالا میں کرکٹ، بیڈمنٹن، والی بال، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس کے مقابلے ہوں گے، جن میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے پنجاب بھر میں پھیلے دس کیمپسز کے طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کی جبکہ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس پنجاب بریگیڈیر خالد گورائیہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہا کہ تعلیمی عمل کی تکمیل میں کھیلوں کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
کیوں کہ صحت مند دماغ کے لئے صحت مند جسم بنیادی ضرورت ہے، جو کھیلوں کے بغیر ممکن نہیں۔ ایک طالب علم کو تمام چیزیں صرف کلاس روم میں نہیں سکھائی جا سکتیں، اس کے لئے کھیل کے میدان کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ وائس چانسلر نے اعلان کیا کہ سپورٹس گالا میں شرکت کے لئے آنے والے تمام طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس پنجاب بریگیڈیر خالد گورائیہ نے کہا کہ نوجوان نسل میں ایک جوش اور جذبہ ہوتا ہے، جس کو اگر مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل نہ کیا جائے تو اس کے نقصانات ہو سکتے ہیں، لہذا سپورٹس گالا جیسی تقریبات نوجوان نسل اور نتیجتاً وطن عزیز کے لئے ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم کو سپورٹس گالا کی شاندار تقریب کے اہتمام پر مبارک باد بھی دی۔ تقریب میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ رجسٹرار یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر منظوم اختر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد عمر سلیم، ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید، ڈائریکٹر ڈویژن آف ایجوکیشن ڈاکٹر انتظار حسین بٹ، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر شہزادہ قیصر، پرنسپل بنک روڈ کیمپس پروفیسر ثمینہ ناہید، پرنسپل جوہر آباد کیمپس ڈاکٹر شفقت علی، پرنسپل فیصل آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ کے علاوہ دیگر سینئر عہدے دار بھی موجود تھے۔