بارشوں اور کئی شہروں میں ژالہ باری سے گرمی کی شد ت میں کمی
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں جاری بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ بارشوں اور کئی شہروں میں ہونے والی ژالہ باری سے بیشتر شہروں میں گرمی کی شد ت میں کمی ہو گئی۔وفاقی دارالحکومت میں سارا دن ہی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور وفقہ وفقہ سے ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ صوبائی دارالحکومت میں سارا دن ہی سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا تاہم چند مقامات پر ہلکی بارش ہوئی ۔آئندہ 12گھنٹوں میں وفاقی و صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں ، خیبر پختونخواہ ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواوءں اور گرج چمک کیساتھ بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویڑن ، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویڑن میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ڑوب، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ڈویڑن میں چند مقامات پرتیز ہواؤں و آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کیساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔