صنعت تعلیمی اداروں سے ہر سطح پر اشتراک کرنے کو تیار ہے،عبدالباسط

صنعت تعلیمی اداروں سے ہر سطح پر اشتراک کرنے کو تیار ہے،عبدالباسط

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) صنعت تعلیمی اداروں سے ہر سطح پر اشتراک کرنے کو تیار ہے تاکہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کو ترقی یافتہ ملک دیا جا سکے۔ یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں منعقدہ تیسرا صنعتی اوپن ہاؤس و کیئریئر میلہ2017ء کی اختتامی تقریب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ دونوں شعبوں کیلئے اہم ہے اور اس میں مل کر کام کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں کیونکہ اس سیکٹر کے فعال ہونے سے ہی ترقی کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے یو ای ٹی کی جانب سے انڈسٹری کے ساتھ روابط قائم کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا ۔

دریں اثنا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ تدریسی ادارے ملک کو اعلی اور معیاری افرادی قوت مہیا کرنے میں نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ عملی طور پر سرگرم بھی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہرکی کہ صنعت یو ای ٹی کے طلبہ کو نوکریاں اور تربیت فراہم کرے گی تاکہ تمام شعبہ جات کو مستحکم کیا جا سکے ۔ وی سی نے مزید کہا کہ انجنیئرنگ کا نصاب بھی عین انڈسٹری کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ محنت اور لگن کا عمدہ ثمر بھی حاصل ہو سکے۔میلے کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر محمد پروویز مغل نے شرکاء کو میلہ کے اغراض و مقاصد اور تمام سرگرمی سے آگاہ کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ تعلیمی ادارے اور صنعت نہ صرف ایک دوسرے کے قریب آئیں گے بلکہ نوجوان نسل کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور اس ملکی اثاثے سے مناسب انداز میں استفادہ بھی حاصل کیا جا سکے گا۔ آخر میں شرکاء، کمپنیوں کے نمائندوں، منتظمین اور مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی

مزید : میٹروپولیٹن 4