بھرتا سنورتا پاکستان‘‘ کنونشن
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام یونیورسٹیز کے طلبا کے لیے بھرتا سنورتا پاکستان‘‘ کے عنوان سے دو روزہ کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سیاسی ، سماجی،مذہبی رہنما اور طلبا تنظیموں کے نمائندے گفتگو کریں گے۔صفہ ایجوکیشن سنٹر جی ٹی روڈ لاہور میں ہونے والے کنونشن میں ملک بھر کی یونیورسٹیز، میڈیکل کالجزاور ٹیکنیکل کالجز کے طلبا شریک ہوں گے۔دوروزہ کنونشن میں طلبا کو پاکستان کی اہمیت اور پاک چین اقتصادی راہداری میں طلبا کے لیے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا ۔ملٹی میڈیا بریفنگز کے ذریعے طلبا کو حالات حاضرہ سے آگاہی دی جائے گی۔
اور ان کے کردار کے حوالے سے رہنمائی کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسؤل محمد راشد نے لاہور میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کے یونیورسٹیز کے مسؤلین کے ساتھ مجلس مشاورت میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے طلبا صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور ان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔موجودہ حالات میں طلبا کو ان کے کردار کے حوالہ سے رہنمائی دینے کی ضرورت ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں ہمارے طلبا کے پاس وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ وطن عزیز پاکستان ہمارے لیے ایک نعمت ہے اور اس کے استحکام کے لیے کردار ادا کرنا ہمارا فریضہ ہے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام اس کنونشن میں طلبا کو نہ صرف پاکستان کے لیے کردار ادا کرنے پر آمادہ کیا جائے گابلکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے مختلف ورکشاپس بھی کروائی جائیں گی۔ ان ورکشاپس میں طلبا کو ٹائم مینجمنٹ ،سٹریٹجک ویژن،سٹڈی ٹپس اور دیگر موضوعات پر ماہرین طلبا کو رہنمائی فراہم کریں گے