سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی مجموعی فضا پہلے سے کافی سازگارہے :فرنچ بزنس کنفیڈریشن

سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی مجموعی فضا پہلے سے کافی سازگارہے :فرنچ بزنس ...

اسلام آباد(سہیل چوہدری )فرانس کی 75ہزار کمپنیوں پر مشتمل فرنچ بزنس کنفیڈریشن کے یہاں دورہ پر آئے ہوئے 17رکنی وفد کے سربراہ تھیوری فلیمن نے سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی مجموعی فضا کو پہلے کی نسبت کافی ساز گار قرار دیتے ہوئے چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے منصوبے کے بعض تکنیکی شعبوں میں فرانسیسی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کی ہے ، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 12سال کی طویل عرصہ کے بعد کسی اعلیٰ سطحی فرانسیسی بزنس وفد کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جس میں ٹوٹل کے ایشیاء پیسفک کے سربراہ اور فرنچ بزنس کنفیڈریشن کے 17رکنی وفد کی بھی سربراہی کررہے ہیں ، یہ 17رکنی وفد فرانس کی زراعت ، انرجی ، واٹر ٹریٹمنٹ ، بینکنگ اور ڈیجیٹل و الیکٹرانک انڈسٹری سے وابستہ 17کلیدی کمپنیوں کے نمائندے شریک ہیں ، وفد کے سربراہ تھیوری فلیمن نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرانسیسی سفیر مارٹن ڈورینس کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ، انہوں نے بتایا کہ فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق کی کوششوں سے 6ماہ قبل فرنچ بزنس کنفیڈریشن نے اپنا نمائندہ وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا ، انہو ں نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان کی معیشت کی حالت بہتر، مہنگائی میں کمی ، زر مبادلہ ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ اور سب سے بڑھ کر سیکورٹی کی صورتحال گزشتہ تین سال کے مقابلہ میں بہتر ہورہی ہے ، انہوں نے بتایا کہ ان عوامل کودیکھتے ہوئے انکا وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے اور مقامی ضروریات سے آگہی کیلئے یہاں آیا ہے ، انہوں نے بتایاکہ انکے وفد میں زرعی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں جو یہاں فوڈ پراسیسنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں ، جبکہ انرجی کمپنیوں کے نمائندے ایل این جی ، ہائیڈرو، ونڈ اور سولر پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کے لئے خواہاں ہیں ، ڈیجیٹل انڈسٹری اور الیکٹرانکس کمپنیوں کے نمائندے بھی اپنے اپنے شعبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیں گے ، جبکہ پنجاب میں واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے بھی ٹھوس پیش رفت ہورہی ہے ، ان کے وفد کی بورڈ آف انوسٹمنٹ وزارت کامرس کے حکام کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ صدر ممنون حسین نے بھی انہیں شرف ملاقات بخشاء ہے ، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کا انڈسٹری میں بھی فرانس کی گہری دلچسپی ہے اور اس حوالے سے معاملہ فیصلہ کن مراحل میں ہے ، انہوں نے کہا کہ فرانس میں لوگ پاکستان کی مثبت چیزوں سے زیادہ آگاہ نہیں جبکہ انکے دورہ کا مقصد یہاں کے کاروباری پوٹینشل سے فرانس کے سرمایہ کاروں کو آگاہ کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی اعلیٰ کوالٹی درحقیقت پاکستان کا بہترین پوٹینشل ہے انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو پاکستان کیلئے ایک شاندار منصوبہ گردانتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرنچ ٹیکنالوجی کی اعلیٰ مہارت کو بعض شعبوں میں استعمال کر سکتاہے ، انہوں نے کہا کہ انکا وفد ٹھوس تجاویز کے ساتھ جلد پاکستان کے دورہ پر دوبارہ آئے گا جس میں بہت سے ایم او یوز پر دستخط ہونگے ، فرانسیسی سفیر نے بتایاکہ 2016ء میں پاکستان اور فرانس کے مابین دو طرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، گزشتہ سال کی نسبت تجارت میں 18.5فیصد اضافہ ہو اجس سے دو طرفہ تجارتی حجم میں 1.2ارب ڈالر سے زائد اضافہ ہو اہے،بعد ازاں فرانسیسی سفیرمارٹین ڈورینس نے اپنی رہائشگاہ پر وفد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور وفاقی وزیر زراعت وفوڈ سیکورٹی سکندر بوسن سمیت سینئر بیوروکریٹس اور عمائدین شہراور کاروباری شخصیات نے شرکت کی ۔

فرنچ بزنس کنفیڈریشن

مزید : کراچی صفحہ اول