مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کا عندیہ ’’بڑا بریک تھرہ ہے ‘‘:اعزاز چوہدری

مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کا عندیہ ’’بڑا بریک تھرہ ہے ‘‘:اعزاز چوہدری

واشنگٹن(اے این این) امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے مسئلہ کشمیر اور پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کیلئے امریکہ کی جانب سے ثالثی کے عندیے کو بڑا’’بریک تھرو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان امن پسند ملک ہے ،ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے اٹھائے گئے ہر قدم کی حمایت کریں گے،امریکہ کیساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں ،خطے کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری ہے افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کیا جائے،ہم اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال ہونے دینگے نہ اپنے خلاف ایسا کچھ برداشت کرینگے،افغانستان میں بدامنی کا نقصان ہمیشہ پاکستان کو پہنچا ہے،پاکستان کے بھارت کیساتھ اچھے تعلقات سے پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت کم نہیں ہوئی۔گزشتہ روزنجی ٹی وی اور امریکہ میں صحافیوں سے گفتگو میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہو ئے انکا مزید کہنا تھا مسئلہ کشمیر کے حل اور پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان امریکہ کیساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ افغانستان کے مسئلے کا حل عسکری نہیں اسکو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے ۔ پاکستان اور افغانستان کے امن کو لازم و ملزوم ہے، پاکستان خطے میں ا من کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان اور امریکا مل کر کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے چین سے بہت اچھے تعلقات ہیں مگر امریکا سے تعلقات بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ امریکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے یہ مناسب وقت ہے۔ دنیاخصوصا امریکہ کو سکیورٹی و معیشت کے شعبوں میں پاکستان کی اعلی اورمثبت کارکردگی کانوٹس لیناچاہیے۔

مزید : کراچی صفحہ اول