مرکز میں برسر اقتدار آئے تو کرپشن کے پیسے واپس لے کر تعلیم میں سرمایہ کاری کرینگے:عمران خان

مرکز میں برسر اقتدار آئے تو کرپشن کے پیسے واپس لے کر تعلیم میں سرمایہ کاری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سڑکیں،موٹرویز اور پل بنانے سے نہیں بلکہ تعلیم سے ملک اور قومیں ترقی کرتی ہیں مرکز میں برسراقتدار آئے تو کرپشن کے پیسے واپس لے کر تعلیم میں سرمایہ کاری کریں گے۔وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صوبہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات بارے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے وزیراعلیٰ پرویزخٹک،وزیرتعلیم کے پی عاطف خان،صوبائی سیکرٹری تعلیم شیراز بنگش اور غیرملکی سفارتی نمائندوں سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔عمران خان نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات کے ذریعے فرسودہ نظام تعلیم کو ترقی اور جدت کے راستے پر ڈال دیا ہے،اساتذہ کی بھرتیوں میں سفارش اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے40ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا تعلیمی بجٹ 139ارب روپے تک پہنچا دیا جبکہ انگلش میڈیم،اردو میڈیم اور دینی تعلیمی اداروں کا یکساں نصاب ہونا چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ پرویزخٹک تعلیمی اصلاحات پر مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے دباؤ برداشت کرتے ہوئے تعلیمی بجٹ 139ارب تک پہنچایا،انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ نصاب کی تشکیل کیلئے ماہرین تعلیم کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا،تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،چین نے نچلے طبقے کو اوپر لا کر اور 50کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال کر ترقی کی،پاکستان میں امیر زیادہ امیر اور غریب زیادہ غریب ہوتا جارہا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہا کہ ہماری حکومت کو برسراقتدار آنے کے بعد تعلیم کے حوالے سے ایک چیلنج کا سامنا تھا،ہم نے اس چیلنج کو قبول کیا اور تعلیمی اصلاحات کا آغاز کیا،ہم نے تبدیلی کا وعدہ کیا تھا امن کے قیام سے انصاف کی فراہمی اور مساوات کا وعدہ کیا تھا آج چار سال بعد ہم مطمئن ہیں کہ ہم نے اپنے وعدے پورے کیے،ہسپتالوں کی حالت اب بہتر ہے،محکمہ پولیس اب سیکیورٹی کی ضمانت بن گیا ہے،تعلیمی اصلاحات سے بڑا فرق پڑا ہے،تعلیم کے شعبے میں فنڈز بڑھائے ہیں، نجی سکولوں سے بڑی تعداد میں طلبہ سرکاری سکولوں میں منتقل ہورہے ہیں،کے پی کے سکولوں کو عالمی معیار کے مطابق لایا جارہا ہے،بہت جلد کسی بھی سکول میں کوئی بھی طالب علم ڈیسک اور کرسی کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا،اساتذہ کی تربیت کی جارہی ہے،بھرتیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں،سکول میں نہ جانے والے طلبہ بارے سروے کرایا جارہا ہے،چاروں صوبوں میں ہمارا تعلیمی بجٹ سب سے زیادہ ہے، آئندہ بجٹ میں 139ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں۔