حج پالیسی کا اعلان کابینہ سے منظوری کے بعد کیا جائے گا،وزارت مذہبی امور

حج پالیسی کا اعلان کابینہ سے منظوری کے بعد کیا جائے گا،وزارت مذہبی امور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) حج پالیسی کا اعلان کابینہ سے باقاعدہ منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ بینکوں کوابھی حج درخواستوں کی وصولی کی اجازت نہیں دی۔ یہ بات ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے وزارت سے جاری ایک بیان میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق بعض بینکوں کی طرف سے حج درخواستوں کی وصولی سے متعلق بھیجے گئے موبائل پیغامات کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ وزارت نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نہ تو ابھی حج پالیسی منظور ہوئی ہے اور نہ ہی وزارت نے کسی بینک کو حج درخواستیں وصول کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔عوام ایسے پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف آئندہ چند دن میں ایک پریس کانفرنس کے ذریعے حج پالیسی کا اعلان کرینگے۔ حج پالیسی میں حج اخراجات اور درخواستوں کی وصولی کی تاریخوں سمیت تمام تفصیلات موجود ہوں گی۔ سرکاری یا پرائیویٹ حج سکیم کے ذریعے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی آسانی کیلئے وزارت اخبارات میں اشتہارات کے علاوہ اپنی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر بھی تمام تفصیلات اپ لوڈ کر دے گی۔ وزارت نے بینکوں کو بھی حج پالیسی کے باقاعدہ اعلان سے قبل ایسی سرگرمیوں سے رُکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول