مردم شماری ایک انتہائی اہم قومی فریضہ ہے،گورنر سندھ

مردم شماری ایک انتہائی اہم قومی فریضہ ہے،گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ خانہ و مردم شماری سے آبادی کی درست معلومات سے وسائل کی منصفانہ تقسیم ، مستقبل کی منصوبہ بندی اور درپیش چیلنجز سے با آسانی نمٹا جا سکتا ہے ، مردم شماری ایک انتہائی اہم قومی فریضہ ہے ، آبادی کے درست تخمینہ سے ملکی وسائل کو صحیح طریقہ سے استعمال میں مدد ملے گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں چیف سینسس کمشنر) Chief Census Commissioner ( آصف باجوہ سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں صوبہ میں خانہ و مردم شماری میں جاری پیش رفت ، حائل مشکلات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں جاری مردم و خانہ شماری سے حاصل نتائج کے بعد اسی تناسب سے ترقیاتی عمل تیز اور معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ آبادی کے تناسب سے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں مردم و خانہ شماری کے عملہ پر حملہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس طرح کے حملے ہمارے عزائم کو متزلز ل نہیں کرسکتے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول