آئی جی سندھ کی سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

آئی جی سندھ کی سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)لاہور دھماکے میں مردم شماری ٹیم پر حملے کے تناظر میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سندھ بھر میں سیکورٹی اقدامات انتہائی مستعدی سے انجام دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیس سے کہا ہے کہ باالخصوص ممکنہ حساس علاقوں میں مردم شماری ٹیم کی حفاظت کے مجموعی امور کو مزید غیر معمولی بنایا جائے اور اس حوالے سے انر اور آؤٹر کارڈن سیکورٹی حکمت عملی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تھانہ جات ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں وانٹیلیجنس ایجنسیزسے روابط کو ہر سطح پر ٹھوس بناتے ہوئے معلومات کی شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے تمام تر امور کو یقینی بنا کر انسدادی اقدامات کو مزید فول پروف بنائیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ روزانہ تین گھنٹے اسنیپ چیکنگ اقدامات کو سخت اور کامیاب بنایا جائے جبکہ تمام اہم مقامات بشمول مساجد، امام بارگاہوں ، مزارات، اقلیتی عبادت گاہوں،پبلک مقامات، حساس تنصیبات وغیرہ پر سیکورٹی کے تمام تر امور کو مزید سخت اور غیر معمولی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر ایریاز سمیت تمام داخلی اور خارجی پوائنٹس/روٹس پر ناکہ بندی اور سر جنگ کے عمل کو سخت کیا جائے اور ممکنہ مشکوک اشخاص ، گاڑیوں وغیرہ کی کڑی نگرانی و مزید ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول