وفاق جلد از جلد خیبرپختونخوا کی عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے:سکندر شیر پاؤ
پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپاؤ نے وفاقی حکومت سے آئندہ مالی سال سے پہلے پہلے قومی مالیاتی کمیشن اور پی ایس ڈی پی میں خیبر پختونخوا کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وفاق جلد از جلد ہمارے صوبے اور قبائلی علاقہ جات کی محرومیوں کا سدباب کر ے جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیلنے کا خدشہ ہے جس کے گہرے اثرات وفاق پر پڑیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار" وطن کور" شیرپاؤ ضلع چارسدہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونین کونسل حسن زئی سے عوامی نیشنل پارٹی کے دیرینہ کارکنان جمعہ گل ،مختیار احمد،وحید اور خان شیر نے اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پختونوں کو انکے آئینی حقوق سے محروم رکھنا سب سے اہم اور تشویشناک مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ملک کی دوسری بڑی قومیت نہایت کسمپرسی کی زندگی بسر کررہی ہے اور یہاں پر وفاق کی طرف سے کوئی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ ابھی تک شروع نہیں ہوا حالانکہ وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا میں کئی ایک منصوبوں کے قیام کیلئے گاہے بگاہے اعلانات بھی کئے ہیں۔سکندر حیات خان شیرپاؤ نے وفاقی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بیرون ملک مقیم محنت کشوں اور قبائلی علاقہ جات کے ملک کے دوسرے حصوں میں عارضی طور پررہائش پزیر عوام کو قومی مردم شماری میں شامل کیا جائے جوکہ ملک کی وحدت اور معاشی استحکام کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔سینئر وزیر نے ملک میں جاری توانائی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی حکومت کے کھوکھلے وعدوں کو بھی حدف تنقید بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ پی ایس ڈی پی میں منڈا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دی جائے تاکہ بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی میں بھی ملک اور قوم کو فائدہ حاصل ہو سکے۔صوبائی وزیر نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ انکے اس فیصلے سے پختونوں کے حقوق اور ترقی کیلئے جاری سفر کو تقویت ملے گی۔