صوبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، عاطف خان

صوبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، عاطف خان

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف نے کہا ہے کہ مردان کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے میگا پراجیکٹس کی منظوری کے ساتھ ساتھ جاری ترقیاتی منصوبوں کو تین سے پانچ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا جو تحریک انصاف کی زیر قیادت صوبائی حکومت کی کرپشن سے پاک شفاف ترقیاتی حکمت عملی کا ایک حصہ اور ترجیحات میں شامل ہے۔اس ضمن میں مردان سمیت پورے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان کی میگا ترقی اور خوبصورتی سے متعلق محکمہ منصوبہ سازی و ترقی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ ہائے منصوبہ سازی و ترقی ،کھیل،بلدیات اور خزانہ کے سیکرٹریوں،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے،ڈپٹی کمشنر مردان اور ایکسئین روڈز سی اینڈ ڈبلیو مردان نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف نے ہدایت کی کہ مردان کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ان کی شفاف اور معیاری و فوری تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر مردان کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے میگا منصوبوں کی منظوری دی گئی۔انہوں نے کہا کہ مردان میں میگا پارک اور واٹر پارک جلد از جلد تعمیر کئے جائیں گے اس سلسلے میں واٹر پارک کے لئے اراضی بھی مختص کر دی گئی ہے جبکہ شیخ ملتون مردان میں سات پارک تعمیر کئے جائیں گے جن کی جون تک تکمیل کے لئے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی مردان کیمپس کو مکمل انجینئرنگ یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔اجلاس میں دو فلائی اوورزاور تین پلوں کی تعمیر کے لئے ایک ارب بیس کروڑ روپے مختص کئے گئے جو اگلے پانچ ماہ کے اندر مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ ساری زیر تعمیر سڑکیں آئندہ اگست2017تک 300ملین روپے کی لاگت سے مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول