مٹہ سوات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،محمود خان

مٹہ سوات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،محمود خان

مٹہ (نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت، میوزیم ،امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تحصیل مٹہ سوات کو ترقی سے ہمکنار کرنے اور عوام کے مسائل و مشکلات پر قابو پانے کیلئے تقریباً 14ارب روپے کی لاگت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کررہی ہے۔انہوں نے اے این پی کے رہنما کی اس بات پر نہایت افسو س کا اظہار کیا جس میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اے این پی دور کے اور این جی اووز کے ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگا رہی ہے تو اس حوالے سے وزیر کھیل نے کہا کہ وہ اس سیاست دان کو ایک بار پھر مناظرے کا چیلنج دیتے ہیں کہ وہ جہاں چاہیں عوام کی عدالت میں یا میڈیا کے سامنے اپنے آپ مناظرے کیلئے پیش کریں۔اگرانہوں نے ثابت کر دیا کہ یہ ترقیاتی منصوبے ان کے دور حکومت میں ہوئے ہیں تو سیاست چھوڑ د ینگے اگر وہ ثابت نہ کرسکے تو میں ان کو یہ مشورہ دیتا ہوں کہ جھوٹ اور منافقت کی سیاست چھوڑ دیں اور تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں خود بخود ان کو پی ٹی آئی کے ترقیاتی کاموں کا اندازہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل برہ دروش خیلہ مندنڑ مٹہ سوات میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے ضلعی کونسلر بہادر خان، پی ٹی آئی تحصیل مٹہ رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ممتاز کارکنان نصیب زادہ ،اختر گل،نذر گل ،رحمن ،زیارت گل، شادے،مجید اﷲ، عبداﷲ، تاج محمد، جنت گل ،محمدآمین، دوا خان، سید رحمن ،سیداﷲ، صاحبزادہ، مومن، محمد زر اور اکبر سید نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی وزیر محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منشور کو گھر گھر تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار اداکریں گے۔صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اﷲ پی ٹی آئی میں ان کو جائز مقام دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اب غریب لوگ آزاد ہیں اور اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ 22آبنوشی ٹیوب ویلز کی تنصیب کی گئی ہے اور اسی طرح 60کروڑ روپے کی لاگت سے مٹہ تا فضل بانڈہ روڈ تعمیر کیا گیا ہے جو علاقے کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا اور اسے موجودہ حکومت نے پورا کرکے دکھایا ہے۔

 

مزید : پشاورصفحہ آخر