ملک کے 80 فیصد لوگ زراعت کے پیشے سے وابستہ ہیں ،اکرام اللہ

ملک کے 80 فیصد لوگ زراعت کے پیشے سے وابستہ ہیں ،اکرام اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت اکرام اﷲ خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے یہاں کے 80%لوگ زراعت سے وابستہ ہیں اس لئے محکمہ زراعت پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صوبے کے عوام کے خوراک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی گریجویٹس ایسوسی ایشن کی حلف برداری کے سلسلے میں پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی یاسین خلیل ،پارلیمانی سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی زرین ضیاء،ڈائریکٹر جنرل زراعت (ایکسٹینشن) فسیح الرحمن اور دیگر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔وزیر زراعت نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کی زراعت کے تمام شعبوں کو ترقی دینے اور صوبے کے چھوٹے زمینداروں تک زرعی خودکفالت کی جدید ٹیکنالوجی پہنچانے کیلئے دوررس اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسوسی ایشن کے مسائل کو احسن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں گے اور ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ان تمام اداروں جو ان کے حل میں مددگار ہوں ان سے رابطہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی ڈائریکٹوریٹ اور کالونی کے قیام کے سلسلے میں ڈی جی توسیع مکمل پی سی ون تیار کریں پھر اس پر عمل درآمد کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے زرعی کالونی کے بچوں کیلئے سڑک عبور کرنے کیلئے اوور ہیڈ بریج کی تعمیر کا اعلا ن بھی کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر زرعی گریجویٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے باقاعدہ حلف بھی لیا۔