پاک ،چین دوستی باہمی احترام ،اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے :مرتضیٰ جاوید عباسی

پاک ،چین دوستی باہمی احترام ،اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے :مرتضیٰ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر)قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ پاک۔چین مثالی دوستی کا دنیا میں کوئی متوازی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک۔چین تعلقات باہمی احترام ،اعتماد ، امن بقائے باہمی اور برادرانہ ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کی پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیو کانفرنس کے چیئرمین ژو ژنگ شنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ قائم مقام سپیکر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی مفادات ،خطے کی اسٹرٹیجک صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔قائم مقام سپیکر نے کہا کہ مشترکہ جیوپولیٹیکل،معیشت، تاریخ اور اسٹرٹیجک مفادات پر مبنی پاک چین تعلقات ہمیشہ ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام کے مابین دوستی کا یہ رشتہ نسل درنسل منتقل ہو رہا ہے اور ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے ۔دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے قائم مقام سپیکر نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان پائے جانے والے تعلقات انتہائی منفرد اور خوشگوار ہیں جنہیں سر حد کی دونوں جانب بسنے والے عوام اور دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی بھر پور حمایت حاصل ہے ۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ دونوں ممالک میں پائی جانے والی مثالی دوستی کا مظہر اورتر قی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور پاک۔چین تعلقات کو نئی جہتیں حاصل ہو ں گی ۔قائم مقام سپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں چین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے وسائل کی تلاش،صنعت اور مینوفیکجرنگ کے شعبوں میں استعداد کوبڑھانے کے لیے چین کی طر ف سے تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہارکیا ۔انہوں نے پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ چین کی پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیو کانفرنس کے چیئرمین ژو ژنگ شنگ نے قائم مقام سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کا خطے میں امن و تر قی کے عزم کا اظہار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو چین کے اسٹرٹیجک شماروں میں خاص اہمیت حاصل ہے اور دونوں ممالک کی قیادت دو طر فہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم رکھتی ہے ۔انہوں نے خطے اور اس سے باہر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک۔چین قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ۔