نظریہ پاکستان، قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کی ضمانت ہے، عرفان صدیقی

نظریہ پاکستان، قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کی ضمانت ہے، عرفان صدیقی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔ نظریے کی اس قومی امانت کو نوجوان نسل تک منتقل کرنے کے لئے علمی و تاریخی اداروں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ نظریہ پاکستان کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جو مشیر وزیراعظم کی زیرصدارت قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی ترویج ایک قومی ذمہ داری ہے۔اور اس مقصد کیلئے کام کرنے والے غیر سرکاری اداروں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی۔وزارت قومی تاریخ وادبی ورثہ ایسے اداروں اور افراد کے لئے سہولت کار ی قومی فرض سمجھ کر ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم اور علامہ اقبال جیسی عظیم شخصیات پر کام کرنے والے ادارے اور افراد ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔ اجلاس میں نظریہ پاکستان کونسل کے جاری اور مستقبل کے منصوبہ جات کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اور درپیش مسائل کے حوالے سے تجاویز پر غور کیاگیا۔مشیروزیراعظم عرفان صدیقی نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔نظریہ پاکستان کونسل کے عہدیداروں نے قائداعظم، علامہ اقبال اور نظریہ پاکستان کے فروغ کے لئے عرفان صدیقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس قومی مقصد کے فروغ کے لئے ایک علمی اور ادبی شخصیت نہایت موزوں انتخاب ہے ۔عرفان صدیقی کی سرپرستی میں آنے کے بعد سے ملک میں علم وادب اور نظریہ پاکستان کے فروغ کے حوالے سے سرگرمیوں میں ہونے والا خوش آئند ہے۔اجلاس میں نظریہ پاکستان کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر نعیم غنی، سینئر وائس چئیرمین میاں محمد جاوید،ایگزیکٹو سیکریٹری گوہر زاہد ملک کے علاوہ ادارہ کے دیگر ارکان میجر جنرل (ر)محمد طاہر، ڈاکٹر بشارت جذبی، ظہیر احمد چوہدری،وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن، ڈپٹی سیکریٹریزمحمد سہیل مفتی،نذیراحمد اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر