ایمریٹس نے ٹیبلٹ کے عارضی استعمال کی سروس متعارف کرادی

ایمریٹس نے ٹیبلٹ کے عارضی استعمال کی سروس متعارف کرادی

کراچی ( پ ر) ایمریٹس نے امریکہ جانے والی پروازوں میں الیکٹرانک ڈیوائسز پر حالیہ پابندی سے پیدا ہونے والی پریشانی کے خاتمے کے لئے ایک اور سروس متعارف کرادی ہے۔ جس کا آغاز آج سے ہورہا ہے اور فرسٹ و بزنس کلاس کے ایمریٹس مسافر امریکہ جانے والی پروازوں میں عارضی ٹیبلٹس استعمال کرکے دوران پرواز اپنا کام جاری رکھ سکیں گے۔ ایمریٹس کی نئی سروس امریکی ٹرانسپورٹیشن سیکورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے حکم کی روشنی میں لائی گئی ہے جس میں دبئی سے امریکہ جانے والی نان اسٹاپ پروازوں کے تمام مسافروں کو اسمارٹ فون سے بڑی ڈیوائسز جیسے لیپ ٹاپس، ٹیبلٹس اور دیگر ذاتی نوعیت کے الیکٹرانک سامان کو چیک ان کرانا پڑے گا۔ اس تازہ ترین سروس میں ایمریٹس کے مسافروں کے پاس دوران پرواز مائیکروسوفٹ آفس 2016 کے ساتھ مائیکروسوفٹ سرفیس ٹیبلٹس دستیاب ہوں گے۔ مسافر اپنا کام یو ایس بی میں ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور اسے دیگر ڈیوائسز میں لگا کر بلاتعطل کام جاری رکھ سکتے ہیں ۔ یہ سروس اعزازی ہے اور دبئی سے امریکہ جانے والی تمام نان اسٹاپ پروازوں پر دستیاب ہوگی۔ ایسے صارفین جو اپنی ڈیوائسز سے ترجیحی طور پر منسلک رہنا چاہتے ہیں اور سفر کے دوران ایوارڈ یافتہ انٹرٹینمنٹ اور سروس سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، ان امریکہ جانے والے مسافروں کے لئے ایمریٹس نے لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ استعمال کرنے کی سروس متعارف کراچکی تھی۔ یہ اعزازی سروس 25 مارچ 2017 سے تمام کیبن کلاسز کے مسافروں کے لئے دستیاب کی جاچکی ہے جب نئے ٹی ایس اے قوانین پر عمل درآمد شروع ہوا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر