سانحہ درگاہ علی محمد گجر کی مدعی خود حکومت مجرموں کو نشان عبرت بنائینگے:زعیم قادری

سانحہ درگاہ علی محمد گجر کی مدعی خود حکومت مجرموں کو نشان عبرت بنائینگے:زعیم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرگودھا(بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر مذہبی امور واوقاف پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے چک نمبر 95 شمالی میں 20افراد کے قتل کی لرزہ خیز واردات میں ملوث ملزمان کو جلد کیفرکردار تک پہنچا کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا ۔ ایسے افراد کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں حکومت مستقبل میں ایسے سانحات کو روکنے ، درباروں کی مانیٹرنگ کیلئے جلد قانون اسمبلی میں لائے گی جس کا مسودہ تیار کیا جارہاہے ۔گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس سرگودہا میں سانحہ کے مقتولین کے لواحقین او رزخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں انکا مزید کہنا تھا چک 95شمالی میں تاریخ کا بدترین ظلم ہوا ، اسی لئے حکومت مقدمہ میں خود مدعی بنی ہے ،جلد پراسیکیوشن کاعمل مکمل کر کے عدالت سے سانحہ میں ملوث افراد کو سخت ترین سزاء دینے کی سفارش کی جائے گی او راگر متاثرہ خاندانوں میں سے کوئی شخص مقدمہ میں فریق یا گواہ بننا چاہے گا تو حکومت انکی بھر پور معاونت کرے گی ۔ محکمہ اوقاف کے پاس صوبہ بھر میں 552درگاہیں رجسٹرڈ ہیں اب قوانین پر پورا نہ اترنے والے کسی مزار یادرگاہ کو تشکیل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر نے لاہور خود کش دھماکے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا آپریشن ردالفساد اپنی پوری آب وتاب کیساتھ جاری ہے ۔ حکومت ، پاک فوج او راسٹبلشمنٹ نے ملک سے دہشتگردی کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے ۔ کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گردبھاگ رہے ہیں اور ایسے اکا دوکا واقعات کے ذریعے حکومت او رعوام کے عزم میں کمی نہیں لائی جاسکتی ۔ صوبہ بھر میں مذہبی منافرت پھیلانے والے 24ہزارافراد کو گرفتار کیاگیا ۔ مقامی لوگوں کی درخواست پر چک نمبر 95شمالی کے دربار کو سیل کر دیاگیاہے ، صوبہ بھر میں تمام درباروں کی جیو ٹیلنگ کی جائے گی ۔ عمران خان او ران جیسے دوسرے لیڈر ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ مشرف کے دور میں بجلی کے منصوبے لگانے تو دور کی بات سوچے بھی نہیں گئے ۔ ہمارا وژن صرف بجلی پیدا کرنا نہیں بلکہ سستی بجلی پیداکرنا ہے اگلے سال ہم اپنے سسٹم سے مہنگی بجلی کو نکال کر سستی بجلی کو شامل کر کے لوڈشیڈنگ کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے مقتولین کے ورثا میں پانچ پانچ لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے ۔ بعدازاں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور دو دو لاکھ روپے کے چیکس پیش کئے ۔ ا س موقع پر ممبران قومی اسمبلی چو ہدری حامد حمید ‘ ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ‘ کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب ‘ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ ‘ ایم پی اے رانا منور غوث اور چوہدری شاہنوازرانجھا بھی موجود تھے۔
زعیم قادری