ٹور ڈی سندھ سائیکل ریس تیسر ے مرحلے میں داخل ہوگئی

ٹور ڈی سندھ سائیکل ریس تیسر ے مرحلے میں داخل ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دادو (پ ر ) 2اپریل کو گھوٹکی سے شروع ہونے والا ٹور ڈی سندھ سائیکل ریس اپنے دو مراحل مکمل کرکے تیسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ جو آج صبح لاڑکانہ سے روانہ ہوکر دادو پہنچے گا اور وہاں قیام کرے گا۔ پہلے مرحلے کا آغاز 2اپریل کو ریس کے افتتاح سے ہوا ۔اس طویل سائیکل ریس کا افتتاح وزیرکھیل سندھ محمد بخش مہر نے کیا، اس موقع پر سیکریٹری کھیل سلیم رضا ، ڈائریکٹر اسپورٹس شاہد عبدالسلام اورمحکمہ اسپورٹس کے گھوٹکی میں فوکل پرسن میر محمد کلہوڑو بھی موجود تھے ۔ اس تقریب سے پہلے افتتاح والی جگہ پر رات میں آتشبازی بھی کی گئی ۔ سائیکل ریس کا یہ کارواں گھوٹکی سے جب گڈو پہنچا تو وہاں اُن کے استقبال کے لیے اسپورٹس کے فوکل پرسن ربانی ، اسٹنٹ کمشنر گڈو، مختیارکار موجود تھے ۔ وہاں فاتح قرار پانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ بالترتیب اول نمبر آنے والے کھلاڑی نعیم احمدکو 10000روپے ، دوئم آنے والے کھلاڑی نورمحمد کو 8000روپے، سوئم آنے والے کھلاڑی علی الیاس کو6000روپے جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والے کھلاڑی حق نواز ، پانچویں پوزیشن پانے والے کھلاڑی حاشراور چھٹے نمبر پر آنے والے کھلاڑی غلام مصطفی کو دو ، دو ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا ۔ گڈو میں ایک رات کے قیام کے بعد 3اپریل کویہ کارواں گڈو سے جیکب آباد روانہ ہوا، 144کلو میٹر کا سفر طے کرکے جب یہ کارواں جیکب آباد پہنچا تو اس کا استقبال ایس ڈی ایم جیکب آباد نے کیا ۔ جہاں رات 8:30بجے ڈی سی جیکب آباد آفس میں تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔ جس میں بالترتیب اول نمبر کھلاڑی نعیم احمد، دوئم نمبر کھلاڑی عرفان ، سوئم علی الیاس جبکہ حاشرچوتھے ، حق نوازپانچویں اور وقارچھٹے نمبر پر فاتح قرار پائے ۔ 4اپریل کو ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس ارشاد علی مخدوم نے اس کارواں کو جیکب آباد سے سکھر کے لیے روانہ کیا اور سکھر پہنچنے پر اس کااستقبال اے ڈی سی ون عبدالقدیر انصاری اور نورحسن بلوچ نے کیا ۔ سکھر کے ڈی سی آفس میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں بالترتیب اول نمبر کھلاڑی وقار ، دوئم نمبر کھلاڑی عرفان ، سوئم نعیم احمد جبکہ علی الیاس چوتھے، شاہجہاں پانچویں اور حق نوازچھٹے نمبر پرفاتح قرار پائے۔ یہاں اس ٹوئر ڈی سندھ سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا جبکہ 5اپریل کواس کارواں کو سکھر سے لاڑکانہ کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس نے روانہ کیا اور لاڑکانہ پہنچنے پر اس سائیکل ریس کے کارواں کا استقبال ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس لاڑکانہ محمد حسین ملکانی اور دیگر نے کیا ،یہاں اس دوسرے مرحلے کی تکمیل بھی تقریب تقسیم انعامات سے ہوئی۔ جس میں بالترتیب اول نمبر علی الیاس ، دوئم نعیم احمد ، سوئم عرفان جبکہ حاشرچوتھے ، حق نوازپانچویں اور شاہجہاں کوچھٹے نمبر پرفاتح قرار دیا گیا ۔ آج لاڑکانہ سے دادو روانگی سے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے ۔ یہ کارواں کل دادو سے بھٹ شاہ کے لیے روانہ ہوگا ، جہاں ایک دن کے وقفے کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگا جوکہ حیدرآباد، میرپورخاص ، عمر کوٹ ، مٹھی ، بدین اور ٹھٹہ سے ہوتا ہوا 16اپریل کو کراچی پہنچے گا۔ جہاں اس ٹوئر ڈی سندھ سائیکل ریس کی اختتامی تقریب اور تقسیم انعامات کا انعقاد کیا جائے گا۔