کے فور منصوبے میں اسٹیل سائفن کے کام کا آغازہو گیا

کے فور منصوبے میں اسٹیل سائفن کے کام کا آغازہو گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے فور منصوبے میں اسٹیل سائفن کے کام کا آغازہو گیا ہے،کراچی ۔حیدرآباد موٹر وے ایم 9کے درمیان پائپ ڈالنے کے کام ساتھ ہی منصوبہ پر کام کی رفتارمیں غیرمعمولی تیزی آگئی ہے پائپ لائن کی زندگی سو سال سے زیادہ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار کے فور منصوبہ کے پروجیکٹ ڈائر یکٹر سلیم صدیقی نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا تفصیلات کے مطابق کے فور منصوبہ پرما ئلڈ اسٹیل سائفن کے کام کا آغازہو گیا ہے سب سے پہلا 84 انچ قطر کااسٹیل سائفن سپر ہائی وے پر کاٹھورکے مقام پر M-9 موٹر وے کے درمیان ڈالا جا رہا ہے۔ جس کی نگرانی ایف ڈبلیو او کے کرنل کامران اورمشاورتی کمپنی کے علاوہ کے فور پروجیکٹ منجمنٹ یونٹ کے انجینئرز کر رہے ہیں۔ کے فور کی 84 انچ قطر کی چار عدد مائلڈ اسٹیل سائفن پا ئپس کو موٹر وے کی سطح سے چالیس فٹ نیچے سے گزاراجارہا ہے۔ ان مائلڈ اسٹیل پائپ کی زندگی سو سال سے زیادہ ہو تی ہے، M-9 موٹر وے کے لئے مختص چوڑائی250 میڑ ہے۔ جبکہ سڑک کی چوڑائی پچاس میٹر ہے۔ سائفن پائپ ڈالنے کا کام ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اس وقت کے فور پروجیکٹ مینجمنٹ کے انجینئرز کی ٹیم پروجیکٹ ڈائر یکٹر سلیم صدیقی کی قیادت میں ایف ڈبلیو کے ساتھ انتہائی محنت اور لگن سے شب وروز تعمیری کام میں مشغول ہے۔ایف ڈبلیو او نے ایک اچھی حکمتِ عملی کے تحت کے فور کے ۱۲۰ کلو میٹر طویل منصوبہ کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے، ہر حصہ کی ذمہ داری ایک کمپنی کمانڈر کررہے ہیں۔گروپ 1 لیفٹیننٹ کرنل محمد انیس جبکہ گروپ2 کرنل ذیشان محمود مغل اور گروپ 3 کی ذمہ داری لیفٹیننٹ کرنل کامراں کے حوالے کی گئی ہے ، اس وقت تینوں گروپس میں سول تعمیراتی کاموں کے ساتھ اسٹیل سائفن کے کام کا شروع ہونا ایک اچھی حکمتِ عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عظیم تر منصوبہ آب رسانیکے فور کی تکمیل سے شہر میں فراہمی آب کا نظام بہتر سے بہترین ہو جائے گا، فراہمی آب کا یہ منصوبہ شہر کی اہم ضرورت ہے، اضافی پانی ملنے سے شہر میں پانی کی کمی دور کر نے میں مدد ملے گی اور اس کی تکمیل سے شہر یوں کو حسبِ طلب پانی مل سکے گا، صنعتی و تجارتی، اقتصادی اور معاشی ضروریات کو ممکن بنایا جاسکے گا جبکہ شہر کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کر نے میں مدد ملے گی، کراچی شہر پاکستان کا اقتصادی مرکزہے صنعتی عمل جاری رکھنے کے لئے پانی ایک بنیادی ضرورت ہے، منصوبہ آب رسانی پر تعمیراتی کام جس میں کینال، کنڈ یوٹ، پائپ لائن، رائزنگ مین، مائلڈ اسٹیل سائفنس، پمپنگ اسٹیشن(2 عدد) اور فلٹر پلانٹس کی تعمیر سمیت دیگر کام شامل ہیں ان پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر