زرداری کا آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم لانے کا وعدہ ، ممکنہ اتحادی جماعت کا نام بھی سامنے آگیا

زرداری کا آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم لانے کا وعدہ ، ممکنہ ...
زرداری کا آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم لانے کا وعدہ ، ممکنہ اتحادی جماعت کا نام بھی سامنے آگیا

  

لاڑکانہ، گڑھی خدابخش (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ '' ایک بار پھر وہ اپنا وزیر اعظم بنا کر دکھائیں گے اور اب سینئر صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی شاید اکیلے حکومت نہ بناسکے لیکن وہ تحریک انصاف کے ساتھ مل کر یا خریداری کرکے وفاق کی حکومت بنانے پر تیار ہے اور اس ضمن میں آصف علی زرداری پرامید بھی ہیں ۔ 

ہارون الرشید نے اپنے کالم میں لکھاکہ ’’شاید اسی طرح زرداری اپنا وزیراعظم لانے کی بات کررہے تھے جیسے اکثریت حاصل نہ ہونے کے باوجود‘ رضا ربانی کو سینیٹ کا چیئرمین بنوانے میں کامیاب رہے تھے۔زرداری صاحب کا منصوبہ آشکار ہے۔ جیسا کہ عرض کیا جا چکا۔ سندھ سے چالیس پچاس نشستیں ۔ ممکن ہو تو کچھ کراچی شہر سے بھی۔ پنجاب سے فیصل صالح ایسے بیس پچیس امیدوار جیت سکے تو آزاد امیدواروں کی خریداری یا پی ٹی آئی سے مل کر‘ اسلام آباد میں حکومت کی تشکیل۔ عمران خان رسی تڑا کر بھاگ نکلے ہیں۔ زرداری صاحب اس کے باوجود امید سے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت آ پڑا تو کپتان‘ شریف خاندان کی بجائے‘ انہی کو گوارا کرے گا۔

عمران خان کی خوش فہمی یہ ہے کہ طوفان اب کی بار ضرور اٹھے گا۔ صف بندی پہ وہ یقین نہیں رکھتے۔ تنظیم اور انتخابی تیاریوں پہ۔ اساطیری شاعر غنی کاشمیری کی طرح خیال ان کا یہ ہے کہ اس گھر کا سرمایہ وہی ہیں۔ خلقِ خدا کو اگر وہ بے تاب کر سکے‘ آمادۂ انقلاب کر سکے تو خس و خاشاک کی مانند ‘ ان کے حریف طوفانی پانیوں میں بہہ جائیں گے‘‘۔

ہارون الرشید کے اس دعوے پر پیپلزپارٹی کا باضابطہ موقف معلوم نہیں ہوسکا تاہم حالیہ دنوں میں دونوں جماعتوں کے درمیان چھڑنے والی لفظی جنگ کی وجہ سے فی الحال ایسے کسی الحاق کا امکان دکھائی نہیں دیتا۔

مزید : لاڑکانہ