شام میں کیمیائی حملہ بدترین جنگی جرم اور انسانیت کی توہین،حملے نے بشار الاسد کے خلاف میری سوچ اور خیالات بدل دیئے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

شام میں کیمیائی حملہ بدترین جنگی جرم اور انسانیت کی توہین،حملے نے بشار الاسد ...
شام میں کیمیائی حملہ بدترین جنگی جرم اور انسانیت کی توہین،حملے نے بشار الاسد کے خلاف میری سوچ اور خیالات بدل دیئے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شام میں زہریلی گیس حملے کو انسانیت کے خلاف بدترین کارروائی اور جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وحشیانہ حملے نے انہیں اندر سے جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے اور اس حملے کے بعد انہیں شامی صدر بشار الاسد کے خلاف اپنی سوچ اور خیالات کو بدلنا پڑا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی دورے پر آئے ہوئے اردنی صدر شاہ عبداللہ دوئم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلب شہر میں ہونے والے کیمیائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی شرمناک قرار دیا اور کہا کہ شام میں زہریلی گیس کا حملہ انسانیت کی توہین ہے ، ادلب میں بے گناہ شہریوں پر کیمیائی گیس کے ذریعے حملہ کرکے اسد رجیم نے تمام حدیں پھلانگ ڈالی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ا سد رجیم نے اپنے اقتدار کی بقاء کے لیے وحشت اور بربریت کی تمام حدیں پھلانگ ڈالی ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے بشار الاسد کو ڈھیل دینے پر سابق امریکی صدر باراک اوباما انتظامیہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صدر اوباما کی طرف سے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے بارے دھمکی آمیز دعوے محض ڈھونگ تھے۔حلب میں بچوں پر جس طرح زہریلی گیس کا حملہ کیا گیا اور اس حملے میں بچوں کی ہلاکت نے انہیں تڑپا کر رکھ دیا ہے اور اب کیمیائی حملے کے بعد بشار الاسد کے بارے میں میری پالیسی تبدیل ہو گئی ہے ،اس شرمناک حملے نے بشار الاسد کے حوالے سے میری سوچ اور خیالات بدل کر رکھ دیئے ہیں ۔امریکی صدر ٹرمپ نے اردنی فرمانروا شاہ عبد اللہ دوئم کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھانے پر عمان کی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے اردنی فرمانروا نے کہا کہ دنیا کو مشترکہ چیلنجز اور سلامتی کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے شام کے بحران کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ شام کے بحران کے پرامن حل کے لیے مساعی تیز کریں۔شاہ عبداللہ دوئم نے ادلب میں خان الشیخون کے مقام پر کیے گئے کیمیائی حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ حملہ عالمی سفارت کاری کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بشار الاسد کو ایسی جارحیت کی دوبارہ اجازت نہیں دیں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی اتحادی فوج دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش ) کو تباہ کرکے تہذیب و تمدن کی حفاظت کرے گی،شاہ عبداللہ داعش کے خلاف جنگ لڑنے اور اس کو شکست دینے والے ایک رہنما کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے داعش کو پہلے ہی ختم کرنے کا منصوبہ بنارکھا ہے۔اس بابت امریکی وزیر دفاع جم میٹس پینٹاگون کی ابتدائی رپورٹ وہائٹ ہاؤس کو سونپ چکے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی