سعودی عرب میں پاکستانی کھانوں کی مقبولیت میں اضافہ، نئے ریسٹورنٹ کا افتتاح

سعودی عرب میں پاکستانی کھانوں کی مقبولیت میں اضافہ، نئے ریسٹورنٹ کا افتتاح
سعودی عرب میں پاکستانی کھانوں کی مقبولیت میں اضافہ، نئے ریسٹورنٹ کا افتتاح

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد/ بیورو چیف) پاکستانی کھانوں کی مارکیٹ میں اضافہ اور پاکستانی کھانوں کی لذت کی وجہ پسندیدگی نے یہاں مقامی مارکیٹ میں ان کو مقبول بنادیا ہے اور دن بدن یہاں پاکستانی کھانوں کی مقبولیت کی وجہ سے اعلیٰ درجہ کے ریستورانوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس میں ایک نیا اضافہ ’سیزلنگ‘ کا ہے جس کا افتتاح بدھ کی شام معروف سعودی شخصیت و تاجر اسامہ حمود غفاری کے دست مبارک سے ہوا جس میں بڑی تعداد میں سعودی شہریوں، کاروباری شخصیات، پاکستانی ممتاز شخصیتوں اور مختلف قومیت کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کیاگیا جہاں ریستوران کے چیف ایگزیکٹو شیر محمد جمشید، جنرل منیجر محمد جاوید اور منیجر شہزاد گل بھی مہمان خصوصی کے ساتھ موجود تھے۔ ریستوران کو بڑی خوبصورتی اور پاکستانی بناوٹ کے حساب سے بنایا اور سجایا سنوارا گیا ہے جبکہ باورچی خانہ بھی بڑی نفاست سے ترتیب دیا گیا ہے۔ ہوٹل سٹاف ٹرینڈ اور یونیفارم سے مستعد دکھائی دے رہا تھا۔ مہمان خصوصی اسامہ حمود غفاری نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کھانے مقبول ہورہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس نئے سیزلنگ ریسٹورنٹ کا آج اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھانے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ سعودی اور دوسری قومیت میں اپنے ذائقے اور مصالحہ جات کی وجہ سے مشہور ہورہے ہیں اور یہ پھر دونوں ملکوں کے شہریوں کو قریب لانے میں مدد دیتے ہیں جو ایک دوسرے کے رسم و رواج اور ثقافت سے بھی روشناس کرواتے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا کا اظہار کیا سیزلنگ کی مینجمنٹ اپنے گاہکوں کے نہ صرف مزاج (ٹیسٹ) کا خیال رکھے گی بلکہ ایک صاف ستھرا فیملی ماحول بھی فراہم کرے گی۔ ریستوران کے چیف ایگزیکٹو شیر محمد جمشید نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد اپنے مہمانوں کو اچھا پاکستانی ماحول دینا ہے جہاں وہ محسوس کریں کہ ہم پاکستان میں بیٹھ کر ہی کھانا کھارہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ کھانے سے بھی لطف اندوز ہوں۔ جنرل منیجر محمد جاوید نے کہا کہ یہ ریستوران کھانوں کی مارکیٹ میں ایک اچھا اضافہ ہوگا جبکہ ہمارا مقصد مختلف ممالک کے شہریوں کو ایک چھت تلے سروس دینا ہے۔ سیزلنگ کے منیجر شہزاد گل جو ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں نے کہا کہ ہمارا مقصد اپنے گاہکوں کو ان کے مزاج کے مطابق سروس اور کھانے مہیا کرنا ہے جبکہ فیملی کے لئے خصوصی انتظامات ہیں جبکہ پارٹیوں کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے جہاں اچھے کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی جائے گی۔ ریستوران کی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں اور آئے مہمانوں نے کھانوں کے مزے اور ماحول کی تعریف کی آخر میں مینجمنٹ نے مہمانوں کو شکریہ کے ساتھ روانہ کیا۔

مزید :

عرب دنیا -