سیاسی کچراملکر پیپلزپارٹی کیخلاف باتیں کر رہا ہے،بلاول بھٹو زرداری

06 اپریل 2018 (13:26)

گھوٹکی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی کچراملکر پیپلزپارٹی کیخلاف باتیں کر رہا ہے لیکن گھوٹکی کے عوام نے ثابت کردیا وہ بھٹو اور بینظیر کے ساتھ ہیں۔

گھوٹکی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے مخالفین امیروں کیلئے سکیم دیتے ہیں اورامیروں کے قرضے معاف کرتے ہیں ،جبکہ پیپلزپارٹی غریبوں کی سیاست کرتی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ ذوالفقار بھٹو نے وڈیروں،زمینداروں سے زمین چھین کرغریبوں کو دی،پیپلزپارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا کہ خواتین کو حقوق ملیں ،سندھ حکومت آج بھی غربت مٹاؤ سکیم چلارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم روٹی کپڑا اور مکان کی سیاست کرتے ہیں،ہم بے نظیر بھٹو اور شہید بھٹو کا پاکستان بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عجیب قسم کی سیاست کررہے ہیں،خان صاحب کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں،سندھ کے جس وزیراعلیٰ کوکرپشن پرنکالا گیا،وہ خان صاحب کےساتھ گھوم رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ 2018 کے الیکشن میں ہر پولنگ بوتھ سے ایک ہی نعرہ گونجے گا، نعرہ نعرہ نعرہ بھٹو،جئے جئے جئے بھٹو۔

مزیدخبریں