مولانا رحیم داد خاموش طبع اور شریف النفس انسان ہیں، مفتی منیب الرحمن

    مولانا رحیم داد خاموش طبع اور شریف النفس انسان ہیں، مفتی منیب الرحمن

  

کراچی(این این آئی)جامع مسجد غوثیہ لیاقت آباد کے ناخوشگوار واقعے کے بارے میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدرمفتی منیب الرحمن نے اپنے بیان میں کہاہے کہ میں نے غیر جانبدار ذرائع سے معلومات حاصل کی ہیں، جامع مسجد غوثیہ (لیاقت آباد) کے امام وخطیب مولانا رحیم داد ایک خاموش طبع اور شریف النفس انسان ہیں، انہوں نے لاؤڈ اسپیکر کے بغیر نماز جمعہ پڑھائی۔ انہوں نے لاؤڈ اسپیکر پر لوگوں کو نہیں اکسایا، پولیس نے خود پہل کی،لوگوں پر تشدُّد شروع کیا اور ردِّ عمل میں عوام نے محاذ آرائی شروع کی۔ اس اثناء میں امام نے لاؤڈ اسپیکر پر اعلان کیاکہ میں مسجدکا امام آپ سے مخاطِب ہوں، آپ لوگ پرامن طریقے سے گھروں کو چلے جائیں۔ اس کا وڈیو کلپ بھی موجود ہے، اس کے باوجود کئی ٹی وی چینل جھوٹی خبر نشرکرتے رہے کہ امام نے لوگوں کو اکسایا، یہ ایک خطرناک وبا کے زمانے میں اللہ تعالیٰ کے غیظ وغضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، انہوں نے کہاکہ میں ایڈیشنل آئی جی سندھ اور ایس ایس پی لیاقت آباد سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اور امام کے خلاف کوئی شواہد ملیں تو ہمیں بھی دکھائے جائیں، نیز امام صاحب کے خلاف جھوٹے الزامات واپس لے کر انہیں باعزت طور پر رہا کیا جائے۔

مفتی منیب الرحمن

مزید :

علاقائی -