مختلف اوقات میں دنیا کو مختلف چیلنجز کا سامناہے،، محمد قاسم

مختلف اوقات میں دنیا کو مختلف چیلنجز کا سامناہے،، محمد قاسم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فٹ بال اسٹرائیکر محمد قاسم (کاشی اسٹرائیکر) نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی بہادر ترین قوم ہے، نوجوان یہ سمجھ لیں کہ مختلف اوقات میں دنیا کو مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تمام اسپورٹس مین گھر پر رہ کر اپنی فٹنس کے پروگرام جاری رکھیں، عوام وزیراعظم پاکستان کا ساتھ دیں اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلیں، انشاء اللہ پاکستان کسی بڑے نقصان کے بغیر اس آزمائش سے نکل آئے گا۔ ایک انٹرویومیں کے آر ایل کے سابق کپتان، ساؤتھ ایشین گولڈ اور اے ایف سی پریزیڈنٹ کپ کے سلورمیڈلسٹ محمد قاسم المعروف کاشی اسٹرائیکر نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر لوگوں کی جان گئی ہیں تاہم پاکستان میں اللّٰہ کا کرم ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اس موذی مرض سے عوام کو بچانے کے لیے حکمت عملی بنائی ہے اس کا عوام کو ساتھ دینا چاہیے۔
محمد قاسم نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے خاص طور پر کھلاڑیوں اور اسپورٹس مین کے لیے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے گائیڈ لائنز دی ہیں۔ پاکستان کے ٹاپ فٹ بالر ان کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں اور گھروں میں رہ کر اپنی فٹنس اور سرگرمیاں جاری رکھیں ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے میں بھی تمام اسپورٹس مینوں اور عوام کو مشورہ دوں گا کہ اس بیماری سے گھبرائیں نہیں بلکہ احتیاط کریں، آپس میں رابطہ رکھیں لیکن ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اور اس وبا کو شکست دینے کے لیے ہاتھ بار بار دھوئیں۔