دکانیں کھولنے کیلئے طے شدہ ایس او پی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے: رانا سکند ر اعظم 

  دکانیں کھولنے کیلئے طے شدہ ایس او پی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے: رانا ...

  

فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد ایوان صنعت و تجارت کے صدر رانا سکندر اعظم نے کہاہے کہ حکومت نے فیصل آباد کے جن برآمدی یونٹوں کو فوری طور پر کام شروع کرنے کی اجازت دی ہے ان میں دس ادارے شامل ہیں جبکہ دوسرے برآمدی یونٹوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ضروری حفاظتی اور احتیاطی انتظامات مکمل کرنے کے بعد کمشنر فیصل آباد کو باضابطہ درخواست دیں تاکہ ان کے یونٹوں کو کام کرنے کی اجازت بھی دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ جن یونٹوں کو اب کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں سائمی ایکسپورٹ، منیب امپیریل،ہلٹن انٹر پرائزز، کے اینڈ ایمز، کیلاش، گوہر ٹیکسٹائل، امیج گارمنٹس، مسعود ٹیکسٹائل، زیس ٹیکسٹائل اور ورتھ ٹیکس انٹرنیشنل شامل ہیں۔دریں اثناء انہوں نے کہا کہ برآمدی صنعتوں کی طرح دکانوں کو بھی شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ لوگوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کو بھی کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کو کھولنے کیلئے بھی حکومت کے طے شدہ ایس او پی پر عمل درآمد کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ دکاندار بھی ضروری احتیاطی تدابیر کے بعد اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اجازت کے بعد دکانوں کی کڑی مانیٹرنگ بھی کی جائے اور جو دکاندار ایس او پی کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے اس کی دکان کو مستقل طور پر سیل کر دیا جائے۔ انہوں نے کرونا وائرس کے موجودہ بحران کے بعد بھی دکانیں شام پانچ بجے تک بند کرنے کیلئے باضابطہ قانون سازی پر زور دیا۔ دوسری جانب ایکسپورٹرز نے اجازت نامے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کام کی اجازت سے ایک طرف مزدور طبقے کی بے روزگاری ختم ہوگی اور اربوں روپے کے ایکسپورٹ آرڈرز بھی مکمل ہوسکیں گے۔

مزید :

کامرس -