سستے گھروں کی فراہمی کیلئے بنک کم ریٹس پر لون پیکیج دیں، بلڈرز اور ڈویلپرز کامطالبہ

  سستے گھروں کی فراہمی کیلئے بنک کم ریٹس پر لون پیکیج دیں، بلڈرز اور ڈویلپرز ...

  

لاہور (رپورٹ،میاں اشفا ق انجم،تصاویر،ایوب بشیر)کنسٹرکشن کی صنعت کو خود مختار ادارہ بنانے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔بلڈرزاور ڈویلپرز کو 6فیصد قرضے دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔چھت سے محروم افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کیلئے بنک بھی کم ریٹس پر قرضوں کا پیکیج دیں۔وفاق کی طرح صوبے بھی اسٹام اور سی وی ٹی دو فیصد کرنے کا فوری نوٹیفکیشن جاری کریں۔کنسٹرکشن کے شعبہ کو دی گئی ایمنسٹی کی میعاد کم از کم 5سال کی جائے اور کم از کم ایک پلاٹ خریدنے والوں کو بھی استثنٰا دیا جائے۔تعمیراتی پیکیج کی تفصیلات جاری کی جائیں۔ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے ریلیف پیکیج وقت کی ضرورت ہے پلاٹس پر گین ٹیکس کی میعاد 3سال کی جائے۔سریا اور سیمنٹ پر بھی ٹیکس کم کیے جائیں گوادر کیلئے بھی وزیر اعظم خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔ان خیالات کا اظہار جی بی ڈی اے کے صدر احمد اقبال بلوچ، یونٹی گروپ کے چیئرمین طارق منیر، جی بی ڈی اے کے جنر ل سیکر ٹری باسط محمود ملک، غنی مارکیٹنگ کے نواز غنی، ٹرسٹ بلڈر کے عرفان میو، ملٹری اسٹیٹ کے اظہر جی ایم اعوان، اطہر ایسوسی ایٹس بحریہ ٹاؤن لاہور، کراچی کے میاں اطہر، بخاری بلڈر کے سید احسان الرحمن بخاری، چوہان گروپ کے چیئرمین یوسف چوہان،فہد بلڈر کے میا ں فہد بشیر،JRبلڈر کے آصف اعوان، بھٹی اسٹیٹ اینڈ بلڈر کے طارق بھٹی، راجہ جی گروپ کے راجہ اکرم، فوکس اسٹیٹ کے رانا افتخار، آدم جی کے شاہد اقبال، ندیر اسٹیٹ کے ندیر رحمت،NZمارکیٹنگ کے ملک نصیرنے روز نامہ پاکستان سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے تعمیراتی شعبہ کیلئے دیئے گئے پیکیج پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔احمد اقبال بلوچ نے کہا تعمیراتی پیکیج سے روز گار کے مواقع ملیں گے گوادر اور ملک بھر کی ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے بھی خصوصی پیکیج کی ضرورت ہے۔یونٹی گروپ کے طارق منیر نے کہا فکس ٹیکس سے سرکاری محکموں کی بلیک میلنگ ختم ہوگی۔گھروں کے ساتھ ساتھ پلاٹس پر بھی ایمنسٹی دی جائے۔NZمارکیٹنگ کے ملک نصیر نے کہا ہے گھروں کی فروخت سے کیپٹل گین ٹیکس کی چھوٹ خوش آئند ہے پلاٹس کو بھی استثنٰا دیا جائے۔پارک ایونیوکے افتخار سندھو نے کہا ہے ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر منصوبوں کی 45دنوں میں منظوری کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔افتحا ر گورائیہ نے کہا ہے تعمیراتی شعبہ کو خود مختار اتھارٹی بنانا بڑا اقدام ہے ملکی معیشت کی مضبوطی میں تعمیراتی شعبہ کردار ادا کرسکے گا۔ملٹر ی اسٹیٹ کے اظہر جی ایم اعوان نے کہا بنکو ں کو بھی کم شرح سود پر قرضوں کا پیکیج دینے کی ہدایت کی جائے۔ فہد اسٹیٹ کے میاں فہد بشیر نے کہا تعمیراتی شعبہ کو صنعت کا درجہ دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں آصف اعوان نے کہا رئیل اسٹیٹ کو بھی صنعت کا درجہ دیا جائے۔طارق بھٹی نے تعمیراتی پیکیج کے ایس آر اوکا مطالبہ کیا ہے۔ راجہ جی گروپ کے راجہ اکرم نے اسٹام ڈیوٹی، سی وی ٹی ڈیوٹی دوفیصد کرنے کو مثبت قدم قرار دیا ہے۔نذیر رحمت نے کہا ہے14اپریل سے تعمیراتی کاموں کی اجازت سے ہزاروں لوگوں کو روز گار ملے گا۔رانا افتخار نے تعمیراتی پیکیج کو پراپرٹی بحران کے حل کی طرف پہلا قدم قرار دیا ہے۔یوسف چوہان نے کہا ہے تعمیراتی شعبہ کے لیے پیکیج انقلابی قدم ہے 50لاکھ گھروں کا خواب اب پورا ہوگا۔مقرب وڑائچ اور عرفان یوسف نے کہا ہے تعمیراتی پیکیج زبردست ہے تفصیلات فوری جاری کی جائیں۔

بلڈرزاور ڈویلپرز

مزید :

صفحہ آخر -