ٹرمپ کی ایران کو کرونا سے نمٹنے میں تعاون کی پیشکش

  ٹرمپ کی ایران کو کرونا سے نمٹنے میں تعاون کی پیشکش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) ہمیں ایرانیوں سے بہت ہمدردی ہے ہمیں معلوم ہے کرونا وائرس کے باعث وہ شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔ وہ اگر چاہیں تو ہم انہیں تحفے کے طور پر میڈیکل سامان فراہم کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کے بہترین میڈیکل پروفیشنلز ہیں، ان کی خواہش پر ہم وہ بھی وہاں بھیج سکتے ہیں، ان نرم جذبات کا اظہار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں گزشتہ روز ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایرانی لوگ امریکہ سے بہت محبت کرتے ہیں اور ہمیں بھی ان سے بہت محبت ہے،ہمارے مسائل صرف ایرانی حکومت کیساتھ ہیں لیکن اگر وہ چاہے توہم مل بیٹھ کر ان مسائل کو حل کرکے معمول کے تعلقات قائم کرسکتے ہیں اور ایران پرعائد پابندیاں اٹھا سکتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری ہے ایرانی حکوت پہلے اس خواہش کا اظہار کرے۔ بریفنگ میں صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیاتھا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے ایران شدید مشکلات سے دو چار ہے تو کیا آپ اس پر عائد پابندیاں ختم یا نرم کرسکتے ہیں؟ صدر کا جواب یہ تھا کہ انہوں نے ایسا کوئی مطالبہ ہی نہیں کیا۔ صدر ٹرمپ نے بتایا اگر ایرانی حکام ملنا چاہتے ہیں تو وہ بڑی خوشی سے ان کیساتھ مل کر بیٹھنے اور تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ایسا نظر نہیں آتا کہ وہ ایسا کریں گے۔ ان سے پوچھا گیا کہ حقیقت پسندی سے کام لیتے ہوئے یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ تہران سے کوئی ایرانی ذمہ دار اٹھ کر ان کو فون کرے گا۔ جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا میرے خیال میں ایرانی امر یکہ سے محبت کرتے ہیں۔ میرے خیال میں وہ اس طرح کی آزادی چاہتے ہیں جس طرح کی ہم امریکیوں کے پاس ہے۔ صدر ٹرمپ نے بتایا بہت سال پہلے ان کے کچھ دوستوں نے ایران میں رئیل اسٹیٹ بزنس کیا تھا اور وہاں خوبصورت عمارتیں بنائی تھیں لیکن پھر وہ کام ختم ہوگیا۔ صدر نے واضح کہا کہ ہم کسی صورت ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا نہیں چاہتے۔ ہم ایرانی حکومت کو تبدیل نہیں کرنا چاہتے۔ ہم اسی حکومت کیساتھ معاملات طے کرکے تعلقات کو معمول پر لانا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ پیشکش

مزید :

صفحہ اول -