گندم چینی بحران رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلٰی پنجاب کیخلاف فرد جرم ہے: شہباز شریف

  گندم چینی بحران رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلٰی پنجاب کیخلاف فرد جرم ہے: ...

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ن لیگ کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گندم چینی بحران پر ایف آئی اے رپورٹ کو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم قرار دے دیا۔گزشتہ روزاپنی ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے گندم چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کیخلاف جنگ کرنے کیلئے لندن سے آیا تھا، میں یہ سوچ کر وطن واپس آیا تھا کہ سیاست اور ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کرنی ہے۔ ایف آئی اے رپورٹ سنگین انکشاف ہے جس کی روشنی میں بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، رپورٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم ہے۔اب دیکھنا ہے کہ وزیراعظم جو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے چیئرمین ہیں، اپنے اور وزیراعلی بزدار کے خلاف اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا سزا مقرر کرتے ہیں۔ انتہائی شرم کا مقام ہے کہ پوری قوم مہلک وائرس کرونا سے لڑ رہی ہے اور عمران خان اپنے منظور نظر قریبی افراد کو موجودہ انسانی المیے کو اپنے حلقوں میں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دے رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے ریاستی مشینری بھی استعمال کی جا رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان نہ صرف اپنی عزت کھو رہے ہیں بلکہ اپنی نااہلی، گھٹیا سوچ اور کمتر سیاسی مفادات کیلئے اس عظیم ملک کے طاقتور ترین عہدے کی بھی بے توقیری کررہے ہیں۔

شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -