شہباز شریف بغلین نہ بجائیں، آٹا چینی بحران میں انکا بیٹا سلمان بھی شامل: فردوس عاشق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہبازشریف آٹا،چینی بحران کی رپورٹ پربغلیں نہ بجائیں کیونکہ اس میں ان کے بیٹے سلمان شہباز کاذکربھی ہے۔گزشتہ روزیہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیاتھاکہ دو نہیں ایک پاکستان بناؤں گا، آٹے،چینی بحران کی انکوائری رپورٹ کو منظر عام پرلاکروزیراعظم نے اپناوعدہ پوراکیا، گندم چینی رپورٹ میں جس جس کی نشاندہی ہے اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔ تمام ذمے داران کوقانون کے کٹہرے میں لانیکافیصلہ کیاگیاہے۔ رپورٹ میں سلمان شہبازکو1ارب 40کروڑروپے سبسڈی دینے کاذکربھی ہے۔ دیکھتے ہیں شہبازشریف سزادینے کیلئے کب اپنے بیٹے کوبلاتے ہیں۔ رپورٹ میں شریف گروپ کی بدمعاشی بے نقاب ہوگئی ہے۔ چینی کی برآمدپرشریف خاندان نے 22ارب روپے کی سبسڈی لی۔انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ نے30 سال کے جاری کھیل کاپردہ چاک کر دیا ہے اور دوچیزیں واضح ہوگئیں، جوچینی برآمدہوئی اس سے طاقتور اوربااثر لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔چینی،آٹے کامصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیاگیا۔ عمران خان نے خوداحتسابی کاعمل اپنی جماعت سے شروع کیاہے، انکوائری میں سامن آنی والے شواہد پرفرانزک کیلئے25اپریل کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، منافع خوری اورذخیرہ اندوزی کرنیوالوں پرکڑی نظررکھی جارہی ہے۔علاوہ ازیں اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکج اور صنعت کا درجہ دینے سے دیگر صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا،سیمنٹ اور اسٹیل کے سوا تمام تعمیراتی شعبوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا گیا ہے، سرمایہ کاری پر صرف10فیصد ٹیکس لیا جائے گا۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے صرف 10 فیصد ٹیکس لیا جائے گا جبکہ 90 فیصد ٹیکس رعایت دی جارہی ہے۔ تعمیرات کے شعبے کی ترقی محنت کشوں، مزدوروں کی ترقی ہے۔ وزیراعظم کا یہ اقدام امیدنو اور ترقی کا پیغام ہے۔ مزدور طبقے سے سرمایہ دار برادری تک سب اس سے استفادہ حاصل کریں گے۔ اس شعبے کے تحریک پانے سے دیگر صنعتوں کو نئی زندگی ملے گی، ہنرمند اورغیرہنر مند محنت کش مستفید ہوں گے۔ یہ پیکیج تعمیر وطن، ملکی خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
فردوس عاشق