زائد بل بھجوانے پر سی این جی ایسوسی ایشن کا احتجاج

  زائد بل بھجوانے پر سی این جی ایسوسی ایشن کا احتجاج

  

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایس این جی پی ایل نے ڈالر کی قدرمیں اضافہ کے تناسب سے سی این جی پمپس کوزائد بل بھجوادئیے‘ سی این جی ایسوسی ایشن سراپا احتجاج بن گئی(بقیہ نمبر35صفحہ7پر)

۔بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ایل این جی بیسڈ سی این جی فروخت کی جارہی ہے جو قطر اور دیگر ممالک سے امپورٹ کی جاتی ہے۔ایس این جی پی ایل نے سی این جی پمپس کو بل ڈالر کی نئی اضافہ شدہ قدر کے تناسب سے بھجوادئے ہیں‘ اس پر احتجاج کرتے ہوئے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی طرف سے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ مارچ میں ہم نے ڈالر کے پرانے ریٹ154روپے کے تناسب سے پرانے نرخوں پر ہی ایل این جی بیسڈ سی این جی فروخت کی ہے جبکہ ڈالر کی قدرمیں 25مارچ کے بعداضافہ ہوا ہے مگر ایس این جی پی ایل نے 25مارچ کے بعد ڈالر کی اضافہ شدہ قدر157روپے کے تناسب سے زائد بل بھجوادئے ہیں جو سراسر سی این جی پمپ مالکان کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مسئلے پر لاک ڈاؤن کے باعث سی این جی کی فروخت پہلے ہی 90فیصد کم ہو چکی ہے اور سی این جی پمپ مالکان کاروبار میں شدید نقصان سے دوچار ہیں‘ اس لئے درخواست ہے کہ ماہ مارچ کی بلنگ ڈالر کے 154روپے ریٹ کے تناسب سے ہی کی جائے اور لاک ڈاؤن پر بحران کے باعث کسی بھی سی این جی سٹیشن کا کنکشن منقطع نہ کیاجائے۔

احتجاج

مزید :

ملتان صفحہ آخر -