ملتان سے 7زائرین چوک سرور شہید قرنطینہ منتقل‘ لوگوں میں خوف

  ملتان سے 7زائرین چوک سرور شہید قرنطینہ منتقل‘ لوگوں میں خوف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوٹ ادو‘ چوک سرور شہید (تحصیل رپورٹر‘ سٹی رپورٹر) تفتان سے آنیوالے 7زائرین کو ملتان سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کرنے کی کوشش،انجمن(بقیہ نمبر15صفحہ6پر)

تاجران کے نمائندوں اور شہریوں کے احتجاج پر قرنطینہ سنٹرچوک سرور شہید منتقل کیا گیا تمام زائرین کی سکریننگ جاری ہوگی تفصیل کے مطابق تفتان سے آنیوالے 7زائرین کو ملتان سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو منتقل کرنے کی کوشش کی گئی جس پر انجمن تاجران کے رہنماء شیخ محمد عثمان نے وفاقی وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر علی قریشی اور مقامی ایم پی اے اشرف خان رند کو اطلاع کرکے انہیں کوٹ ادو نہ لانے پر زور دیا، بعد ازاں شہریوں کو پتہ چلنے پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو میں انہیں نہ لانے کامطالبہ سوشل میڈیا پر زور پکڑ گیا جس پر وفاقی وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر علی قریشی اور مقامی ایم پی اے اشرف خان رند اورانجمن تاجران کے رہنماء شیخ محمد عثمان،سابق ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی چوہدری محمد عارف ندیم،سابق چیئرمین رفیق احمدخان کی مداخلت پر ا ن زائرین کو قرنطینہ سنٹرچوک سرور شہید منتقل کردیا گیا،تمام زائرین کی سکریننگ کی جارہی ہے،زائرین کی سیکرینگ کے رزلٹ منفی رپورٹ آنے والے کو گھروں کو روانہ کر دیا جائے گا،دوسری طرف شہریوں نے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو ڈاکٹر امجد وسیم قاضی، تحصیل صدر پی ایم اے ڈاکٹر مہر کامران اکبر گٹ،رہنما انجمن تاجران شیخ محمد عثمان،سابق ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی چوہدری محمد عارف ندیم،سابق چیئرمین رفیق احمدخان سمیت آواز بلند کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جبکہ زائرین کی منتقلی پر چوک سرورشہید شہر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ کورونا کے مریضوں کو چوک سرورشہید نہ منتقل کرنے کیلئے ساری رات مساجد میں اعلانات کئے جاتے رہے۔ لیکن عوامی مطالبہ کے برعکس مریضوں کو چوک سرورشہید ہسپتال منتقل کردیا گیا، مریضوں کی رپورٹ نیگٹو ہے۔ ایران سے آنے والے سا ت زائرین جن کا تعلق تحصیل کوٹ ادو سے ہے جنہیں قبل ازیں انڈسٹریل سٹیٹ ملتان کے قرنطینہ سنٹرمیں رکھا گیا تھااور ان میں 34 سالہ اللہ وسایا ولد ریاض حسین،28 سالہ عاصمہ پروین زوجہ اللہ وسایا، 2 سالہ عقیدہ زہرا دختر اللہ وسایا،6سالہ عباد رضا ولد اللہ وسایا ساکنان احسان پور تحصیل کوٹ ادو،25سالہ صدام حسین ولد غضنفر عباس سکنہ بستی بخاری کوٹ ادو،34 سالہ افضل حسین سکنہ قصبہ گجرات کوٹ ادو، احسن علی ولد اقبال حسین سکنہ وارڈ نمبر1 ٹبہ سلطان پورمحلہ کربلا شریف کوٹ ادوشامل ہیں۔ 14 روز بعد انڈسٹریل سٹیٹ ملتان کے قرنطینہ سنٹر میں بھگدڑ مچنے پر یا معاملات خراب ہونے پر انہیں کوٹ ادو کے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کئے گئے اور گزشتہ شب انہیں کوٹ ادو شفٹ کیا جارہا تھا کہ مبینہ طور پر کوٹ ادو کے شہریوں نے اس امر پر احتجاج کیا کہ کورونا کے مریضوں کو کوٹ ادو میں کیوں منتقل کیا جارہا ہے۔ چوک سرورشہید منتقل ہونے کی خبر جب چوک سرورشہید پہنچی تو چوک سرورشہید کے شہری مشتعل ہوگئے اور شب 3بجے ٹی ایچ کیو ہسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔شب تین بجے مساجد میں بھی اعلانات کئے جاتے رہے کہ کورونا کے مریض چوک سرورشہید کے ہسپتال منتقل کئے جارہے ہیں عوام ہسپتال کے باہر جمع ہوجائے۔سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ہسپتال کے باہر جمع رہے لیکن انتظامیہ نے ان لوگوں کو اندھیرے میں لوگوں کے خوف سے منتقل نہ کیا۔ بلکہ جب سب لوگ چلے گئے تو صبح 6:30 بجے کے قریب ان سات لوگوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں منتقل کردیا گیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فیاض جٹالہ، ڈی ایس پی کوٹ ادواعجاز بخاری اور فوجی حکام بھی مریضوں کی بس کے ساتھ تھے۔ اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پرسی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ فیاض کریم لغاری اورایم ایس ڈاکٹر ضیاء انجم نے بتایا کہ ان مریضوں کے دو PCR ملتان میں ہوچکے ہیں۔ اور اب یہ جب ہمارے ضلع میں لائے گئے ہیں تو انہیں احتیاطاً چوک سرورشہید قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا۔ ان کے سیمپل لے لئے گئے ہیں۔ رپورٹ آنے پر انہیں ان کے گھروں میں منتقل کردیا جائے گا، ڈرنے کی کوئی ضرورت نہ ہے۔ شہری خوفزدہ ہرگز نہ ہوں دریں اثناء سوشل میڈیا پر چوک سرورشہید کے شہری کورونا کے مریضوں کو چوک سرورشہید منتقل کرنے پر برہم نظر آئے اور شہر بھر میں خوف و ہراس پھیلارہا۔ جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے وارڈ میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
خوف