کراچی میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ٹاسک فورس کا قیام

کراچی میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ٹاسک فورس کا قیام

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت ضلع کورنگی اور ضلع وسطی میں خصوصی کرونا ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی میں ہرے کپڑوں میں ملبوس کرونا ٹاسک فورس کے رضا کار تیار کیے گئے ہیں جو مختلف علاقوں میں پارکس میں کلورین اور جراثیم کش ادویات پر مشتمل اسپرے کا چھڑکاؤ کریں گے۔ضلع وسطی میں بھی کرونا سے بچاؤ کے لیے اسپرے مہم کی اسپیشل ٹیم تیار کی گئی ہے، ان رضا کاروں کو اسپرے مہم کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ بھی دی گئی۔اس ضمن میں چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے بتایاکہ یہ ٹیم گھروں کے باہر، گھروں کے مرکزی دروازوں، باہر کھڑی گاڑیوں اور ضلع کی اندرونی گلیوں میں اسپرے کرے گی۔ چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے بتایا کہ نارتھ کراچی 7 ڈی میں کرونا کے کچھ مخصوص کیس آئے جس کے بعد علاقے میں اسپرے کیا گیا۔ادھرڈسٹرکٹ کورنگی کی کرونا وائرس اینٹی ٹاسک فورس نے مختلف علاقوں میں میڈیکیٹڈ اسپرے کیا، جناح اسکوائر، لیاقت مارکیٹ، کورنگی بارہ ہزار روڈ پر کلورین اور جراثیم کش کیمیکل کا چھڑکاؤ کیا گیا، اندرونی گلیوں میں بھی خصوصی ٹیم اور سڑکوں پر واٹر ٹینکرز میں براؤزر لگا کر اسپرے کیا گیا، پارکوں اور کے ایم سی اسپتالوں کے باہر بھی اسپرے کیا گیا۔دوسری طرف کرونا وائرس سے بچا ؤکے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت کراچی کی مختلف شاہراہوں پر واش بیسن نصب کر دیے گئے ہیں، جس کے لیے واٹر بورڈ کے ٹینکرز استعمال کیے گئے ہیں، ٹینکرز میں کلورین ملا پانی مہیا کیا گیا ہے، واش بیسن کے ساتھ سینیٹائزرز، صابن اور ٹشو پیپرز بھی فراہم کیے گئے ہیں، جن پر سڑکوں پر موجود قانون نافذ کرنے والے اہل کار اور شہری ہاتھ دھو سکتے ہیں۔ادھر ایکسپو سینٹر میں قائم 200 بستروں پر مشتمل بڑے آئسولیشن سینٹر اور اس کے اطراف میں بھی جراثیم کش ادویات کا چھڑکا کیا گیا ہے، یہ اسپرے ضلع شرقی کی بنائی گئی کرونا ٹاسک فورس کی جانب سے کیا گیا، چیئرمین ضلع شرقی معیدانوارنے بتایاکہ اسپرے کا مقصد قرنطینہ سینٹر میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر کرنا ہے۔ الاعظم، الآصف اسکوائر اور نیو سبزی منڈی پر بھی کلورین اسپرے کا چھڑکاؤ کیا گیا،لوگوں میں سینیٹائزر اور راشن بھی تقسیم کیا گیا۔خیال رہے کہ شہر میں لاک ڈان کے دوران محنت کشوں اور مستحقین کے لیے راشن کی فراہمی کے لیے جگہ جگہ انتظامات کیے گئے ہیں، مخیر حضرات کی جانب سے راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، چئیرمین بلدیہ کورنگی نے بتایاکہ یوسیز کی سطح پر بنائی گئی فہرستوں کے مطابق بلدیاتی نمائندے گھروں تک راشن پہنچا رہے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -