کراچی،کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق، تعداد16ہوگئی

کراچی،کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق، تعداد16ہوگئی

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد سندھ میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد16ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اتوارکوجناح اسپتال کراچی میں زیر علاج کرونا کا ایک مریض جاں بحق ہو گیا، جناح اسپتال انتظامیہ نے بھی مریض کی موت کی تصدیق کر دی۔جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق 70سالہ متاثرہ مریض ذیابیطس کا بھی شکار تھا اور اس کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا،ایک اور ہلاکت کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ادھر محکمہ صحت سندھ کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آنے لگا ہے،محکمے کی جانب سے سندھ میں کرونا وائرس کے اعداد شمار چھپا لیے گئے ہیں،ہفتہ سے اب تک تاحال کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے ہیں۔اتوارکوسندھ کے علاوہ پورے ملک کے کرونا کے کیسز کے اعداد و شمار جاری ہوئے، خیال رہے کہ یومیہ بنیاد پر محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں، تاہم ہفتہ اوراتوارکے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔دوسری طرف وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس سے متعلق پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں اتوارکی صبح 8 بجے تک 8931 ٹیسٹ کیے گئے، سندھ بھر میں کرونا وائرس کے 881 ٹیسٹ مثبت ہیں، 123 افراد صحت مند ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، سندھ بھر میں وائر س سے 16 افراد جاں بحق ہوئے، 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں 68 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -