شاپنگ کرتے ہوئے بازار میں خود کو کورونا وائرس سے محفوظ کیسے رکھ سکتے ہیں؟ جانئے

شاپنگ کرتے ہوئے بازار میں خود کو کورونا وائرس سے محفوظ کیسے رکھ سکتے ہیں؟ ...
شاپنگ کرتے ہوئے بازار میں خود کو کورونا وائرس سے محفوظ کیسے رکھ سکتے ہیں؟ جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماہرین کئی طرح کی احتیاطی تدابیر بتا رہے ہیں۔ اب انہوں نے شاپنگ کے لیے بازار جانے والوں کے لیے بھی کچھ ہدایات جاری کر دی ہیں جن پر عمل کرکے آپ وائرس سے حتی الامکان بچ سکتے ہیں۔ دی مرر کے مطابق ماہرین نے اس ہدایت نامے میں سب سے پہلے کہا ہے کہ جو لوگ شاپنگ کے لیے جانا چاہتے ہیں سب سے پہلے وہ اپنے آپ سے سوال کریں کہ وہ جو چیزیں خریدنے جا رہے ہیں کیا انہیں خریدنا ناگزیر ہے؟ اگر ان کے بغیر گزارا ہو سکتا ہے تو بازار مت جائیں۔ اگر وہ چیزیں خریدنا انتہائی ضروری ہوں تو اپنی صحت پر غور کریں اور تسلی کریں کہ آپ بالکل صحت مند ہیں۔ بازار جائیں تو فیس ماسک لازمی پہنیں، دکانداروں اور دوسرے لوگوں سے مناسب فاصلہ رکھیں اوراپنا سینی ٹائزر ساتھ لے کر جائیں اور جب بھی کسی چیز کو ہاتھ لگائیں تو فوری سینی ٹائزر سے ہاتھ صاف کریں۔ براہ راست شاپنگ کی ٹرالی، کاﺅنٹر یا دیگر چیزوں کو چھونے سے گریز کریں۔
شاپنگ سنٹر یا دکان میں سٹاف یا دیگر گاہکوں کے ساتھ گپ شپ میں وقت ضائع مت کریں اور فوری اپنی مطلوبہ چیزیں خرید کر وہاں سے نکلیں۔رقم کی ادائیگی کے لیے ایسے طریقے استعمال کریں کہ آپ کو نوٹوں کو ہاتھ نہ لگانا پڑے۔اشیائے خورونوش میں ایسی چیزیں خریدیں اور اضافی مقدار میں خریدیں جو فریزر میں رکھی جا سکیں اور کئی دن تک استعمال کی جا سکیں تاکہ آپ کو دوبارہ جلدی مارکیٹ نہ آنا پڑے۔مارکیٹ میں چیزیں پکڑنے کے لیے صرف ایک ہاتھ استعمال کریں اور دوسرے ہاتھ سے صرف سینی ٹائزر کی بوتل پکڑیں اور ہاتھوں کو سینی ٹائز کریں۔گھر پہنچتے ہی سب سے پہلے اپنے ہاتھ سینی ٹائز کریں یا صابن سے اچھی طرح دھوئیں اور اس کے بعد سامان کو نکال کر فریزر یا الماریوں میں رکھیں۔ چیزوں کو بیگز سے احتیاط کے ساتھ نکالیں۔ ایک ہاتھ سے بیگ پکڑیں اور دوسرے ہاتھ سے چیزیں نکالیں اور آخر میں ان بیگز کو ٹھکانے لگا کر دوبارہ ہاتھ صاف کریں۔ اگر آپ کسی دوسرے کے لیے خریداری کرکے آئے ہیں تو اشیاءاس کے دروازے پر رکھ دیں اور بیل بجا کر اسے باہر بلالیں اور خود وہیں سے لوٹ جائیں۔